مسلح افواج کوملک کے بہترین مفاد میں‌ سیاست سے دور رکھا جائے

پاک فوج کی جانب سے ایک مرتبہ پھر دفاعی ادارے کو سیاسی میدان سے دور رکھنے کی اپیل کی گئی ہے، آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھا جائے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حال دنوں میں ملک میں جاری سیاسی گفتگو میں پاکستان کی مسلح افواج اور ان کی قیادت کو گھسیٹنے کی تیز اور دانستہ طور پر کوششیں کی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کوششیں مسلح افواج کے ساتھ ساتھ ان کی اعلیٰ قیادت کے حوالے سے براہ راست، واضح یا ڈھکے چھپے حوالوں سے ظاہر ہوتی ہیں۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کی مہم میں کچھ سیاسی رہنما، چند صحافی اور تجزیہ کار بھی شامل ہیں جو عوامی فورمز، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس سمیت مختلف مواصلاتی پلیٹ فارمز پر غیر مصدقہ، ہتک آمیز، اشتعال انگیز بیانات اور ریمارکس دیتے نظر آتے ہیں جو کہ انتہائی نقصان دہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اس طرح کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل سے اظہار لا تعلقی اور نا پسندیدگی کرتی ہے اور سب سے توقع رکتھی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور مسلح افواج کو ملک کے بہترین مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھیں۔

Back to top button