چوہدری پرویز الہی کا قائم مقام گورنر بننے سے انکار

عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کے بعد پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے قائم مقام گورنر کا چارج سنبھالنے سے انکار کر دیا ہے۔
قانونی ماہرین کا خیال ہے کہ اگر پرویز الٰہی اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے تو پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری قائم مقام گورنر کا عہدہ نہیں سنبھال سکتے، اس صورتحال کے سبب صوبہ پنجاب کم از کم ایک ہفتے کے لیے گورنر سے محروم رہ سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت عارف علوی کو گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے بلیغ الرحمٰن کا نام تجویز کرنے کی سمری بھیجی تھی، اگر صدر نے 10 روز کے اندر وزیر اعظم کی تجویز پر عمل نہیں کیا تو بلیغ الرحمٰن کے تقرر کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔
گزشتہ روز مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اور اسپیکر کی حیثیت سے اپنے معمول کے فرائض سرانجام دیئے، پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ پرویز الٰہی نے قائم مقام گورنر کا چارج نہیں لیا ہے، وہ اس سلسلے میں آئینی ماہرین سے مشورہ کر رہے ہیں۔
دریں اثنا پرویز الٰہی نے برطرف گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی فون کیا اور ان سے اظہار یکجہتی کیا، انہوں نے واضح کیا کہ ہم آئین اور قانون کی پاسداری جاری رکھیں گے اور حکومت کے تمام غیر آئینی اقدامات کی مزاحمت کریں گے، حکومت نے غیر آئینی اقدامات کی فیکٹری لگائی ہے لیکن میں آئین اور قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھاؤں گا۔

Back to top button