عمران اپنی ناکامی چھپانے کیلئے اداروں پر حملے کر رہے ہیں

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعظم عمران خان کےامریکی سازش سے ان کو نکالنے کے موقف کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کو امریکی نہیں بلکہ آئینی اور جمہوری سازش سے نکالا گیا ہے۔عمران اپنی ناکامی چھپانے کیلئے اداروں پر حملے کر رہے ہیں.
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وفاقی کابینہ میں شامل پی پی پی کے وزراء کا اجلاس ہوا، جس میں بلاول بھٹو کو پی پی پی وزراء نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی پر بریفنگ دی اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں بلاول بھٹو نے کہا عوام کے مسائل کے حل میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے، آپ گزشتہ حکومت کی نااہلیوں کے سبب مشکلات میں گھرے عوام کے مسائل کو حل کریں۔ مجھے بخوبی احساس ہے کہ عمران خان کی نااہل اور نالائق حکومت آپ کے لئے مسائل کا پہاڑ چھوڑ کرگئی ہے،آگے بڑھیں اور اپنے کردار سے عوام کو پیغام دیں کہ خدمت ہی آپ کی سیاست ہے، پیپلزپارٹی کا ہر وزیر بلاتفریق ہر پاکستانی کے مسائل حل کرنے کا پابند ہے۔
دریں اثنا پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا جو بھی آئین توڑتا ہے اس کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ ہونا چاہیے۔ 3 سے 10 اپریل اور اس کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان نے جو کچھ بھی کیا اور کیا وہ آئین کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ ہمیں اپنے آئین پر فخر ہے،ان کا اس وقت دورہ امریکا کا کوئی حتمی منصوبہ نہیں ہے۔ پی پی پی کے پاس پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ملک میں بجلی کے کئی منصوبے تھے لیکن عمران خان کی نااہل حکومت نے ہمارے پاور پراجیکٹس کو تباہ کر دیا۔
وزیر خارجہ نے کہا مران خان کا سازش پر موقف غلط ہے کیونکہ انہیں جمہوری سازش کے ذریعے ہٹایا گیا۔ انہیں آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔ انہیں امریکا نے نہیں بلاول ہاؤس نے سازش سے ہٹایا۔ اب سابق وزیراعظم ریاستی اداروں پر حملے کر کے پاکستانی جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان کو پارلیمنٹ میں واپس آکر اپوزیشن لیڈر کے طور پر کام کرنا چاہیے۔
