ٹرمپ کاکل ایران کےساتھ معاہدے پردستخط کااعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کل ایران کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کر دیا۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے پر کل دستخط ہوں گے، معاہدہ ہوتے ہی آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ اس معاہدے میں کسی پیسے کا لین دین نہیں ہوگا، سابق امریکی صدر اوباما کی طرح تہران کو اربوں ڈالر نہیں دیے جائیں گے، اوباما نے ڈیل میں جوہری ہتھیاروں کیلئےایک آسان راستہ دیا، ایران کے ساتھ میرا معاہدہ اوباما معاہدے سے بالکل مختلف ہے، میرا معاہدے ایٹمی ہتھیاروں کے سامنے دیوار کی طرح ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ درحقیقت اب ایران بھی ایٹمی ہتھیار نہیں چاہتا، ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات ماضی کی انتظامیہ سے بہت مختلف اور بہتر ہیں، صورتحال بہتر ہونے کے بعد تہران سے نیوکلیئرڈسٹ حاصل کریں گے اور اسے پہاڑوں میں دفن کر دیں گے۔
امریکی صدرکا کہنا تھا کہ بی ٹو بمباروں کی بدولت نیوکلیئرڈسٹ گرینائٹ پہاڑوں کے نیچے گہرائی میں ہے، ہم مستقبل میں ایران اور پورے مشرق وسطیٰ کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں، امید ہے کہ یہ تمام عمل تیزی اور آسانی سے انجام پائے گا، اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو ہمارے پاس متبادل راستے ہیں امید ہے انہیں استعمال نہیں کیا جائے گا۔
