پی ٹی آئی کا کوئی رکن استعفوں کی تصدیق کیلئے پیش نہ ہوا

قومی اسمبلی کے سپیکر راجا پرویز اشرف آج دن بھر اپنے چیمبر میں استعفوں کی تصدیق کیلئے تحریک انصاف کے ایم این ایز کے منتظر رہے،تاہم پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نہیں آئے۔

تحریک انصاف کے 30 ارکان اسمبلی اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی نہیں آئے، جن کے لیے اسپیکر راجا پرویز اشرف 5 گھنٹے تک منتظر رہے۔

ذرائع کے مطابق سپیکر نے صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک پی ٹی آئی اراکین کا انتظار کیا۔ اس دوران وہ اپنے چیمبر میں موجود رہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو حلقہ وائز ان کے استعفوں کی تصدیق کے لیے بلایا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ہر رکن اسمبلی کے لیے استعفے کی تصدیق یا تردید کے لیے پانچ منٹ کا وقت مختص کیا گیا تھا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی استعفوں کی منظوری یا انہیں التوا میں رکھنے سمیت دیگر امور پر ماہرین سے رائے لے چکے ہیں اور انہوں نے آج سے پی ٹی آئی کے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کا عمل شروع کرنا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اراکین کے سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

Back to top button