اسمبلیوں کی تحلیل ،حکومت اور اپوزیشن کا جوڑ توڑ جاری

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے  صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے بعد پاکستان کی سیاست میں ہلچل مچی ہوئی ہے اور حکمران  اتحاد نے پنجاب اور کے پی کے  کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل روکنے کیلئے آخری حد تک  جانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

اسی سلسلے میں آج وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری نے ملاقات کی ہے۔دونوں رہنمائوں کی  ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور عمران خان کی حکمت عملی ناکام بنانے کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔باخبر  ذرائع کے مطابق پنجاب میں گور نرراج اور وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پرنے سے سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

دوسری جانب  تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پرویز الہیٰ نے عمران خان کا ساتھ نہ چھوڑنے کی یقین دہانی کروائی۔ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانا یا گورنر راج لگانا اپوزیشن کا خواب ہے، جو خواب ہی رہے گا۔

دریں اثنا ن لیگ کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہےکہ  پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے تہیہ کیا ہےکہ ہر آپشن استعمال کریں گے اور  اسمبلی بچائیں گے،پنجاب اسمبلی بچانے کا مشن لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے پیپلزپارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ ہر طرح کی تیاری مکمل ہے، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے تہیہ کیا ہےکہ ہر آپشن استعمال کریں گے، اسمبلی تحلیل ہونےسے بچائیں گے، حکومتی بینچوں پر اراکین سے بھی رابطے تیز کریں گے،اس موقع پر پی پی رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ شانہ بشانہ ہوں گے، بہت جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

باخبر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نےوزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی تیاری شروع کردی،لیگی اراکین اسمبلی سے تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کی درخواست پر دستخط کروانا شروع کردئیے ہیں اورتمام اراکین اسمبلی کو مرحلہ وار پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں طلب کر لیاگیا ہے۔

واضح رہے کہ 3 دن قبل راولپنڈی میں تحریک انصاف لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان تمام اسمبلیوں سے استعفوں کا اعلان کرچکے ہیں۔

Back to top button