لبنان میں اقوام متحدہ کے قافلے پر حملے میں آئرش فوجی ہلاک

لبنان میں اقوام متحدہ کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں امن مشن میں شامل آئرش فوجی ہلاک ہوگیا۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ کی دفاعی افواج نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ دو بکتر بند گاڑیوں میں سوار آٹھ فوجی اہلکار بیروت کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں قافلے پر چھوٹے ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری افواج (UNIFIL) کے ایک اور اہلکار کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دو فوجی معمولی زخمی ہونے کی وجہ سے زیر علاج ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود آئرش وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے واقعے کے متعلق گفتگو کریں گے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے قافلے پر حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

Back to top button