معروف بھارتی گائیک پنکج ادھاس 72 برس کی عمر میں چل بسے

معروف بھارتی گائیک پنکج ادھاس 72 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں، عالمی شہرت یافتہ گائیک طویل عرصہ سے ممبئی کے ہسپتال میں زیر علاج تھے، پنکج ادھاس کا انتقال پیر کی صبح گیارہ بجے ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال میں ہوا۔ وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔پنکج ادھاس کی بیٹی نایاب ادھاس نے والد کی موت کی تصدیق کی۔ نایاب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے والد کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے لکھا کہ بہت تکلیف کے ساتھ ہم آپ کو پدم شری پنکج ادھاس کے انتقال کی خبر دے رہے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سے فلم انڈسٹری اور ان کے چاہنے والوں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔نایاب کی پوسٹ سامنے آنے کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔پنکج ادھاس کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی آخری رسومات منگل کے روز ادا کی جائیں گی۔پنکج ادھاس نے کم و بیش پچاس سال تک غیر فلمی غزلوں اور گیتوں سے کروڑوں شائقین سے داد سمیٹی۔پنکج ادھاس نے بطور غزل گائیک 1980 میں گلوکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے پہلا ایلبم ’ آہٹ’ کے نام سے ریلیز کیا جو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان سمیت پورے خطے میں مقبول ہوا۔