وزیراعظم کا ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کرکام کرنےکی خواہش کااظہار

وزیر اعظم شہباز شریف سے ایرک میئر کی قیادت میں امریکی وفد نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم پاکستان نے دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے امریکی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کیلئےپاکستان کے دورے پر آئے امریکی وفد نے ایرک میئر کی قیادت میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے، امریکی کمپنیوں کو اس ترجیحی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونا چاہیے۔

شہبازشریف نے امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئےامریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتےہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کےساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا الحمدللہ قوم کیلئے ایک اور خوشخبری ہے، قومی ائیر لائن کو 20 سال میں پہلی مرتبہ منافع ہوا جو کئی دہائیوں کے خسارے کے بعد ایک بڑی تبدیلی ہے، خوش آئند ہے کہ مستقبل تابناک ہے، وزیرِ ہوا بازی کی قیادت میں ٹیم کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

امریکی وفد نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کے وسیع استعداد کا اعتراف کیا۔

ایرک میئر نے وزیراعظم کو امریکی کمپنیوں کی جانب سے سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ دلچسپی کے امور پر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا امریکا پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔

Back to top button