بلوچستان:سرچ آپریشن کے دوران دھماکہ، کیپٹن سمیت 5 جوان شہید

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے سے کیپٹن سمیت 5 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس کی بنیاد پر گزشتہ روز سے بلوچستان کے علاقے کاہان میں ایک کلیئرنس آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں کیپٹن فہد، چار دیگر بہادر سپوتوں لانس نائیک امتیاز، سپاہی اصغر، سپاہی مہران اور سپاہی شمعون سمیت جاں بحق ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کر کے شہادت کو قبول کیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دشمن عناصر کی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں، پاک فوج دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کا عزم رکھتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کاہان بلوچستان میں کلیرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ دھماکے سے کیپٹن فہد اور انکے دیگر ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار اور شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کے جذبہ حب الوطنی اور شہادت کو پوری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دہشتگردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا اور اب بھی پوری قوت و طاقت سے اسکا قلع قمع کریں گے، شہداء ہماری قوم کے ماتھے کا جھومر اور فخر ہیں، پورے پاکستانی عوام انکے پیچھے کھڑے ہیں۔
فاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ارض وطن پر موجود ایک ایک دہشتگرد اور ملک دشمن کا صفایا کریں گے، اللہ تعالی ہمارے شہداءکے درجات بلند کرے، ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
