میئر کراچی کا معاملہ،پی پی اور جماعت اسلامی میں اتفاق نہ ہوسکتا

پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی میں میئر کراچی کے معاملے پر اتفاق نہ ہوسکا۔

کراچی میں جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور حق میں ملاقات کے بعد پی پی پی رہنما سعید غنی اور امتیاز شیخ سمیت دیگر کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جہاں مسائل ہیں اس پر گفتگو ہوئی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی) کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے اور جب چیزیں بہتر ہوں گی تو بات چیت آگے بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعید غنی اور امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ وہ ان تمام چیزوں کو دیکھیں گے اور جہاں یہ چیزوں کو بہتر بنا سکتےہیں وہ بنائیں گے، نتائج کے اعتبار اور پورے کنڈکٹ کے اعتبار سے جب یہ بہتر بنائیں گے اور الیکشن میں کوئی ایسی صورت سامنے آئے گی جس کے نتیجے میں ہمارے پاس کوئی متعین چیز ہوگی اور ہمیں لگے گا کہ حکومت کوئی اثر و رسوخ استعمال نہیں کر رہی تو پھر بعد میں گفتگو آگے بڑھاسکتے ہیں، اس وقت بھی کئی جگہوں پر دوبارہ گنتی جاری ہے، اصولاً ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ دوبارہ گنتی کی وجہ سے کافی مسائل سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا جو کچھ الیکشن والے دن ہوا اس کے بارے میں تمام شکایات ہم الیکشن کمیشن کو بھیجی ہوئی ہیں، چند جگہوں پر ایسا بھی ہوا کہ مقامی ایس ایچ او پریزائیڈنگ افسر سمیت ڈبہ بھی اٹھا کر لے گئے تو یہ ساری چیزیں بھی ہم نے جمع کرائی ہوئی ہیں، ہم فارم 11 اور فارم 12 کے اجرا پر تکلیف ہوئی اور اس کے لیے بڑی تگ و دو کرنا پڑی اور اس کے بعد نتائج کی تبدیلی پر مسئلہ ہوا، جس کے لیے ہم نے احتجاج کیا، دھرنے دیے، الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا اور پیپلزپارٹی سے بھی باربار بات کی کہ اس مسئلے کو حل کریں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے چند یوسیز کے کیسز اٹھائے ہیں، جس پر 23 تاریخ کو سماعت ہوگی لیکن جن یوسیز میں دوبارہ گنتی کے مسائل چل رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں نتائج تبدیل ہو رہے ہیں، دوبارہ گنتی ایک قانونی عمل ہے لیکن قانونی عمل میں غیرقانونی چیزیں ہوں اور زبردستی کچھ چیزیں شامل کردی جائیں تو پورا عمل جعلی بن جاتا ہے جو کہ عملاً اس وقت ہوا ہے، ہمیں اس پر جو تحفظات تھے، وہ پی پی پی اور حکومت سندھ کے وفد کو بتادیا ہے اور امید ہے سعید غنی اور ان کی پوری ٹیم اس کو دیکھے گی اور مسائل حل ہوں گے، ہم انتظار کریں گے اور انتظار کے بعد چیزیں بہتر ہوں گی تو پھر بات چیت بھی ہوگی۔

اس موقع  پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات میں کامیابی مبارک باد دی اور کہا کہ ہم نے ان سے گزارش کی تھی کہ ہم آپ کے پاس آکر آپ کی شکایات سننا چاہتے ہیں

Back to top button