فارم 24 کی عدم فراہمی کے دعوے حقائق کے منافی ہیں : الیکشن کمیشن آزاد کشمیر

 

 

 

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے فارم 24 کی عدم فراہمی اور انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ سے متعلق سامنے آنے والے دعوؤں کو مسترد کرتےہوئے انہیں بےبنیاد، حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد شکیل خان نے کہا ہےکہ فارم 24 کی عدم فراہمی کے حوالے سے اب تک کسی بھی انتخابی حلقے سے کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے واضح کیاکہ قانون کے مطابق تمام پولنگ سٹیشنوں پر موجود پولنگ ایجنٹس کو فارم 24 فراہم کیےگئے تھے اور اس حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔

ترجمان راجہ محمد شکیل نے کہا کہ انتخابی نشانات کسی کی پسند یا ذاتی صوابدید پر الاٹ نہیں کیےجاتے بلکہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن رولز 2020 کے رول 42 اور فارم 42 کےمطابق مقررہ قانونی طریقہ کار کےتحت الاٹ کیےجاتے ہیں۔انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کا مکمل ریکارڈ محفوظ ہے،جسے ضرورت پڑنے پر قانونی طریقہ کار کےمطابق جانچا جاسکتا ہے۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ فریقین پر زوردیا کہ وہ غیرمصدقہ اطلاعات، بےبنیاد الزامات اور گمراہ کن تاثر پھیلانے سے گریز کریں۔

راجہ محمد شکیل خان نے کہاکہ الیکشن کمیشن قانون،شفافیت، غیرجانبداری اور میرٹ کے اصولوں کےمطابق اپنے فرائض انجام دےرہا ہے۔

ن لیگ کی غلط فہمی ہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت بنالیں گے : بلاول بھٹو

ترجمان الیکشن کمیشن نے اس عزم کا اظہار کیاکہ کسی بھی قسم کے بےبنیاد پروپیگنڈے یا غلط معلومات کے ذریعے انتخابی عمل کی ساکھ اور شفافیت کو متاثر نہیں ہونے دیا جائےگا۔

 

Back to top button