شاہد کپور کے اصرار پر فلم ’’جب وی میٹ‘‘ کا نام کیسے تجویز ہوا؟

بالی ووڈ سٹار شاہد کپور اور کرینہ کپور کی جوڑی 2005 میں ایسی ہٹ ہوئی کہ ہر نئی فلم میں دونوں کے چہرے لازمی دکھائی دیتے تھے، فلمساز امتیاز علی نے اپنی پہلی فلم فلاپ ہونے کے بعد دوسری فلم میں شاہد کپور اور کرینہ کپور کا کاسٹ کر لیا لیکن فلم کے نام پر شاہد کپور اور امتیاز علی میں کافی کھینچا تانی رہی۔
امتیاز علی جب اس فلم کا سکرپٹ لے کر پہنچے تو اس پر’گیت‘ لکھا تھا۔ شاہد کپور نے دریافت کیا کہ اس ’گیت‘ کا کیا مطلب ہے؟ امتیاز علی نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ دراصل یہ فلم کی ہیروئن کا نام ہے، جسے انہوں نے فلم کا ٹائٹل بنایا ہے، شاہد کپور کا پارہ ہائی ہو گیا۔پنکج کپور اس وقت راجما چاول (چاولوں کا ایک پکوان) پر ہاتھ صاف کر رہے تھے اور بیٹے شاہد کپور کی بات پر ان کا نوالہ منہ تک جانے سے پہلے جیسے ہاتھ میں منجمد ہی ہو گیا، شاہد کپور کہہ رہے تھے کہ انہیں فلم کے ٹائٹل کے لیے ایسا نام چاہئے جو ہندی اور انگریزی میں ہو۔ اداکار پنکج کپور نے منہ میں نوالہ رکھا اور شاہد کپور سے پوچھا کہ کہانی تو بتاؤ کیا ہے آخر؟شاہد کپور نے کہانی سنانا شروع کی کہ ایک دولت مند لڑکا، ہنس مکھ اور چلبلی باتونی ہیروئن سے اچانک ملتا ہے اور پھر دونوں میں پیار اور پھر جدائی لیکن ڈرامائی موڑ کی وجہ سے پھر وہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے کھڑے ہوتے ہیں۔شاہد کپور نے محسوس کیا کہ جب اگلی بار امتیاز علی ان کے روبرو ہوئے تو سکرپٹ کی فائل پر ’ٹرین‘ لکھا تھا کیونکہ ہیروئن کرینا کپور اور شاہد کپور کی پہلی ملاقات ٹرین میں ہی ہوتی ہے۔ ہیروئن گیت بھاگ کر شادی کرنے کے لیے محبوب کے پاس جا رہی ہوتی ہے، لیکن راستے میں کچھ ایسے ڈرامائی موڑ آتے ہیں کہ شاہد کپور اور کرینا کپور کی اپنی محبت کی ٹرین رواں دواں ہونے لگتی ہے۔شاہد کپور نے جب سکرپٹ کے پہلے صفحے پر ’ٹرین‘ لکھا دیکھا تو انہوں نے بے اختیار امتیاز علی سے کہا کہ یہ نام جچ نہیں رہا، کچھ اور سوچیں۔ بے چارے امتیاز علی پھر ایک نئی آزمائش کا شکار ہو گئے۔ اب یہ ساری روداد شاہد کپور نے اپنے والد پنکج کپور کو بھی سنائی اور خواہش ظاہر کی کہ ایسا کوئی نام تجویز کریں، جو آدھا دیسی اور آدھا انگریزی ہو اور جو فلم کی کہانی کو بھی بیان کرے۔ پنکج کپور نے راجما چاول کے مزے لوٹتے ہوئے بے اختیار کہا کہ ’جب وی میٹ۔شاہد کپور نے جب فلم کا نام امتیاز علی اور پروڈیوسر کے سامنے رکھا تو نیا نام بھٹنڈا ایکسپریس سامنے آ گیا، ایسے میں فیصلہ یہ ہوا کہ اخبارات کے ذریعے ’جب وی میٹ‘ اور ’بھٹنڈا ایکسپریس‘کے درمیان ایک عوامی سروے کروایا جائے، جس کے حق میں زیادہ ووٹ آئیں وہی فلم کا نام ہو گا۔ اب کچھ ایسا ہی ہوا۔ قارئین نے ’جب وی میٹ‘ کو زیادہ پسند کیا اور یوں یہی نام حتمی قرار پایا۔ہدایت کار امتیاز علی کی ’جب وی میٹ‘ اپنی نمائش سے پہلے ہی گیتوں کی وجہ سے مشہور ہوئی، وہیں شاہد کپور اور کرینا کپور، جو اس فلم کی وجہ سے زیادہ قریب آئے تھے، فلم کی عکس بندی کے اختتامی مراحل تک دور ہوتے چلے گئے۔ یہاں تک کہ جب 25 اکتوبر 2007 کو فلم سینیما گھروں کی زینت بنی تو اس سے پہلے ہی اس پریمی جوڑے نے ایک دوسرے سے قطع تعلق کر لیا تھا، پرستاروں کو جہاں فلم میں شاہد کپور اور کرینا کپور کی اداکاری، گیت، کہانی اور امتیاز علی کی ہدایت کاری پسند آئی، وہیں فلم کا نام بھی خاصا متاثر کر گیا، جو پنکج کپور نے راجما چاول کھاتے ہوئے تجویز کیا تھا۔
