کراچی سے اسلام آباد جانیوالی کوچ کو حادثہ،18افراد جاں بحق

کراچی سے اسلام آباد جاتے ہوئے پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں آتشزدگی سے 18 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 15زخمی ہو گئے۔حادثے سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر فہد نے بتایا کہ 18 لاشیں نکال لی گئی ہیں، حادثے میں بس اور پک اپ وین کا ڈرائیور بھی جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے میں 18 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ15 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال روانہ کردیا گیا ہے، زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس میں35 سے 40 مسافر سوار تھے، 15 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ زندہ بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ مسافر بس کراچی سے اسلام آباد جا رہی تھی، اچانک گاڑی سے ٹکر کے بعد بس کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا تھا۔
پولیس کے مطابق صبح سوا چار بجے کے قریب پک اپ وین اور مسافر بس کی ٹکر ہوئی، جس کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی ، دونوں گاڑیاں جل کر مکمل تباہ ہو گئیں، پک اپ وین ڈیزل لے کر جا رہی تھی۔
