اوورچارجنگ کرنیوالے پارکنگ سٹینڈزکیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ 

 وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر کی ہدایت پر اوور چارچنگ کرنے والے پارکنگ سٹینڈز کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور پارکنگ کمپنی کی جانب سے تمام منظور شدہ پارکنگ سٹینڈز کو مقررہ فیس کی پابندی کرنے کے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔

وزیر بلدیات عامر میر کی ہدایت پر لاہور پارکنگ کمپنی کے تمام پارکنگ سٹیشنز کے عملہ کو وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ پارکنگ کی مقررہ فیس سے زیادہ وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر بلدیات عامر میر کے مطابق پارکنگ سٹیشن کے خلاف ایکشن کا فیصلہ مسلسل اور چارجنگ کی شکایات پر کیا گیا جس میں والڈ سٹی لاہور میں واقع حویلی ہوٹل کے پارکنگ سٹینڈ پر اوور چارجنگ کی شکایت کریک ڈاؤن کا سبب بنی۔ حویلی ہوٹل کی پارکنگ میں اوور چارج کی تصدیق کے بعد ذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ حویلی ہوٹل کے پارکنگ سٹینڈ کے انچارج شیر رحمان خان کو معطل کر دیا گیا ہے۔

عامر میر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت مقامی محکموں سے کرپشن کے خاتمے کے لیے مکمل پر عزم ہے۔ عوامی خدمت کرنے والے محکموں سے کرپشن کا خاتمہ حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ پارکنگ کی مقررہ فیس سے زیادہ وصولی کرپشن کے زمرے میں آ تی ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کے لیے تجارتی و تفریحی مقامات پر پارکنگ سٹینڈز ناگزیر ہیں۔ پارکنگ سٹینڈز پر اوور چارجنگ لوگوں کو سڑکوں پر پارکنگ پر مجبور کر رہی ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک جیم سے کئی قسم کے نفسیاتی و سماجی مسائلِ جنم لے رہے ہیں۔

Back to top button