بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی واقعات،17فوجی جوان شہید

 بلوچستان کے علاقے پسنی اور اورماڑہ میں دہشت گردوں کے حملے میں 14 جبکہ خیبرپختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں مقابلے کے دوران دو اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دیسی ساختہ دھماکے میں ایک فوجی جوان نے جام شہادت نوش کرلیا، دہشت گردی کے واقعات میں 17 فوجی جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 3 نومبرکو خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے تین اور بلوچستان میں ایک واقعہ پیش آیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے روڑی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔ مارے گئے دہشت گرد کی شناخت ٹی ٹی پی کے خودکش بمبار اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد علاقے میں ایک ہائی پروفائل واقعہ کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
ضلع لکی مروت میں کی گئی دوسری کارروائی میں ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا صفایا بھی کردیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دو فوجی جوان نائیک ظفر اقبال اور سپاہی حاجی جان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا تیسرا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آیا جہاں کلاچی کے علاقے میں دیسی ساختہ بم دھماکے میں حوالدات شاہد اقبال نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پسنی اور اورماڑہ جانے والی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشت گردوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔ گھناوٴنے فعل کے مرتکب افراد کو پکڑکر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
قبل ازیں ڈیرہ اسماعیل خان میں بم دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بلوچستان میں پاک فوج کے دستے پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 14 اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس ہے، سیکیورٹی فورسز پر حملہ ہر اعتبار سے قابل مذمت ہے، حملہ آور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرکے انہیں کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے پاکستان کے دشمن ہیں، ملک دشمنوں کے خلاف عبرت ناک کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ وطن کی حفاظت پر جان نچھاور کرنے والے اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہدا کے درجات کی بلندی و سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور اظہار یکجہتی بھی کیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دہشت گرد اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

Back to top button