پنکی مزید کتنے دن پولیس حراست میں گزارے گی؟ فیصلہ آ گیا

کراچی کی مقامی عدالت نےمنشیات فروش انمول عرف پنکی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4 دن کی توسیع کر دی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیشی کے دوران تفتیشی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ سے مزید تفتیش اور اس کے مبینہ نیٹ ورک کی نشاندہی ضروری ہے، جس پر عدالت سے مزید ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔سماعت کے دوران انمول پنکی نے پولیس پر تشدد اور بدسلوکی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں مخصوص افراد کے نام لینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔عدالت نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ ہفتے کے روز دئیے گئے حکم کے باوجود ملزمہ کا طبی معائنہ اب تک کیوں نہیں کرایا گیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق پولیس کے پاس ایسی آڈیو ریکارڈنگز موجود ہیں جنہیں منشیات کی سرگرمیوں سے متعلق شواہد کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، تاہم ملزمہ نے ان ریکارڈنگز کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ برآمد شدہ منشیات کی فرانزک رپورٹ اور مبینہ نیٹ ورک سے متعلق مزید معلومات حاصل کرنا ابھی باقی ہے۔ملزمہ کے وکیل نے ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی موکلہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ سیاسی اور دیگر بااثر شخصیات کے نام لیں۔ تاہم عدالت نے وکلاٗ کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ بعد ازاں عدالت نے مزید 4 روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئےملزمہ انمول عرف پنکی کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

Back to top button