کاکروچ جنتا پارٹی بھارت میں کونسا بڑا انقلاب لانے والی ہے؟

انڈیا میں امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے کے خلاف شروع ہونے والی طلبہ تحریک اب صرف تعلیمی اصلاحات کا مطالبہ نہیں رہی بلکہ اسے نریندر مودی حکومت کی حکمرانی، انتظامی صلاحیت اور نوجوانوں کے مستقبل پر عوامی اعتماد کے امتحان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ہزاروں طلبہ کی سڑکوں پر موجودگی، وزیرِ تعلیم کے استعفے، سوشل میڈیا پر غیرمعمولی عوامی حمایت اور حکومت کی اعلیٰ قیادت کی براہِ راست مداخلت نے اس سوال کو جنم دیا ہے کہ کیا کاکروچ جنتا پارٹی کی قیادت میں ابھرنے والا یہ احتجاج محض ایک عارضی طلبہ تحریک ہے یا پھر انڈیا کی سیاست میں کسی بڑے تبدیلی کے آغاز کا اشارہ۔ مبصرین کے مطابق انڈیا میں بڑے عوامی امتحانات کے پرچے بار بار لیک ہونے کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج اب ایک وسیع عوامی اور سیاسی تحریک کی شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ ابتدا میں یہ مظاہرے صرف امتحانی نظام میں شفافیت اور انصاف کے مطالبے تک محدود تھے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ تحریک نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی بے چینی، روزگار کے بحران، حکومتی کارکردگی اور ریاستی اداروں پر اعتماد کے سوالات سے جڑتی چلی گئی۔
اسی پس منظر میں وجود میں آنے والی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) گزشتہ برسوں کی نمایاں طلبہ تحریکوں میں شمار کی جا رہی ہے۔ تحریک کا بنیادی مطالبہ امتحانی نظام میں اصلاحات، پرچہ لیک مافیا کے خلاف سخت کارروائی اور وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا تھا، جو بالآخر 25 جولائی کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔
تحریک کے نمایاں رہنماؤں میں سماجی کارکن سونم وانگچک بھی شامل رہے، جنہوں نے 26 روزہ بھوک ہڑتال کی۔ ان کے مطابق اس دوران ان کا تقریباً 11 کلوگرام وزن کم ہوا، تاہم بعد ازاں مذاکرات اور حکومتی یقین دہانیوں کے بعد انہوں نے بھوک ہڑتال ختم کر دی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اس تحریک کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہ روایتی سیاسی یا نظریاتی تقسیم سے بالاتر دکھائی دیتی ہے۔ ماضی میں شہریت قانون، زرعی اصلاحات یا دیگر حکومتی پالیسیوں کے خلاف ہونے والے احتجاج مخصوص نظریاتی یا سیاسی حلقوں تک محدود رہے، جبکہ موجودہ تحریک کا مرکز ایک بنیادی سوال ہے کہ کیا ریاست لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے والے امتحانی نظام میں شفافیت اور مساوی مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
براؤن یونیورسٹی کی محقق یامنی آیئر کے مطابق امتحانات وہ میدان ہیں جہاں ذات، مذہب، طبقے اور علاقائی تقسیم نسبتاً کم اہم ہوتی ہے، اسی لیے اس احتجاج میں مختلف سماجی طبقات کے نوجوان ایک ہی مطالبے پر متحد نظر آئے۔ ان کے مطابق یہی عنصر اس تحریک کو وسیع عوامی اپیل فراہم کرتا ہے۔
سیاسی تجزیہ کار راہول ورما کے مطابق یہ احتجاج کسی نظریاتی اختلاف کے بجائے حکمرانی اور انتظامی ناکامی کے گرد گھومتا ہے، جس کی وجہ سے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کو ایک مختلف نوعیت کے سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔ ان کے بقول، مظاہرین کی بڑی تعداد حکومت کی روایتی سیاسی مخالف نہیں بلکہ ایسے نوجوان اور والدین ہیں جو تعلیم کو بہتر مستقبل کی ضمانت سمجھتے ہیں۔
اسی لیے حکومت کے لیے اس تحریک کو روایتی سیاسی بیانیوں کے ذریعے کمزور کرنا آسان نہیں، کیونکہ احتجاج براہِ راست انتظامی صلاحیت، میرٹ اور شفافیت پر سوال اٹھا رہا ہے۔
تحریک کی ایک اور اہم خصوصیت اس کی غیر معمولی سوشل میڈیا مقبولیت رہی، جس نے بہت کم وقت میں لاکھوں نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر دیا۔ تاہم پیر کے روز دہلی میں ہونے والے بڑے عوامی مظاہروں نے یہ بھی ثابت کیا کہ آن لائن حمایت حقیقی عوامی طاقت میں بھی تبدیل ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ طلبہ یونینوں، بائیں بازو کی جماعتوں اور دلت تنظیموں نے احتجاج میں حصہ لیا، لیکن تحریک کی اصل قوت وہ نوجوان تھے جو کسی سیاسی جماعت کے جھنڈے تلے نہیں بلکہ اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر نکلے۔
ادھر حکومت نے ابتدا میں وزرا اور پارٹی ترجمانوں کے ذریعے ردعمل دیا، تاہم احتجاج میں شدت آنے پر اعلیٰ قیادت کو براہِ راست مداخلت کرنا پڑی۔ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپوزیشن پر طلبہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام لگایا، جبکہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پہلی مرتبہ اس معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے نوجوانوں کے مستقبل کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔
وزیراعظم نے امتحانی پرچوں کے لیک ہونے کے مقدمات کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتوں کے قیام اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان بھی کیا، تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا یہ اقدامات احتجاج کی شدت کم کرنے کے لیے کافی ثابت ہوں گے یا نہیں۔
متعدد مبصرین کا خیال ہے کہ موجودہ تحریک صرف تعلیمی بحران کی عکاسی نہیں بلکہ سست معاشی ترقی، محدود روزگار، نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے یقینی اور حکومتی کارکردگی پر عوامی مایوسی جیسے وسیع تر مسائل کی نمائندگی بھی کر رہی ہے۔
اگرچہ بعض ماہرین کے نزدیک یہ تحریک وقت گزرنے کے ساتھ دیگر احتجاجی تحریکوں کی طرح مدھم پڑ سکتی ہے، لیکن دوسرے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نے ایک نئی حقیقت واضح کر دی ہے کہ نوجوان نسل اب صرف انتخابی وعدوں سے مطمئن نہیں بلکہ شفاف حکمرانی، جوابدہی، مساوی مواقع اور بہتر مستقبل کے لیے منظم آواز اٹھانے پر آمادہ ہے۔
اسی لیے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کاکروچ جنتا پارٹی کی یہ تحریک محض امتحانی اصلاحات تک محدود رہے گی یا آنے والے برسوں میں انڈیا کی سیاست، حکمرانی اور نوجوانوں کے کردار کے بارے میں ایک نئی قومی بحث کو جنم دے گی۔
