کراچی میں 27 ہزار والدین کا پولیو ویکسین سے انکار

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں 27 ہزار والدین اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر رہے ہیں۔
بلدیہ ٹاؤن میں انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم ہر اجلاس میں کراچی میں بڑھتے انکاری کیسز پر تشویش ظاہر کرتے ہیں۔ وزیر صحت کے مطابق انکاری والدین میں سے 40 فیصد کا تعلق ضلع شرقی کے گجرو، بلدیہ اور اتحاد ٹاؤن سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی ایک بڑا خطرہ ہے۔ پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ واحد دو ممالک ہیں جہاں آج بھی پولیو وائرس پایا جاتا ہے۔ پاکستان میں رواں سال اب تک 24 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 16 خیبر پختونخوا سے سامنے آئے ہیں اور ان میں 13 کیسز جنوبی اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں، جہاں برسوں سے انسداد پولیو مہم نہیں چل سکی۔
وزیر صحت نے بتایا کہ ملک کے 127 میں سے 78 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس موجود ہے، کراچی کے تمام اضلاع بھی اس سے متاثر ہیں۔ اگر مہم نہ چلائی جاتی تو پاکستان میں رواں سال 24 ہزار بچے معذوری کا شکار ہوسکتے تھے، لیکن بروقت اقدامات کی بدولت یہ تعداد 24 کیسز تک محدود رہی۔
