شہباز شریف کی چینی بزنس کمیونٹی کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نےچینی بزنس کمیونٹی کوپاکستان میں وسیع پیمانے پرسرمایہ کاری کی دعوت دیدی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چینی سرمایہ کارصنعتوں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں منتقل کر کے پاکستان کو اپنی ترجیحی سرمایہ کاری کی منزل بنائیں۔

بیجنگ میں ہونے والی ان ملاقاتوں میں ٹیکسٹائل، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و کان کنی، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل رابطے، ای کامرس اور خلائی ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم  نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکس مراعات، چینی شہریوں کے لیے آسان ویزا سہولت، اور بڑے ہوائی اڈوں پر بزنس ٹریولرز کے لیے خصوصی کاؤنٹرز کا قیام شامل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ صنعتی تعاون پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات کی بنیاد ہے اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اعلیٰ معیار کی ترقی کا مرکزی ستون بھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہنرمند اور کم لاگت افرادی قوت، سستے خام مال اور علاقائی و عالمی منڈیوں سے اسٹریٹجک روابط کے ذریعے ایک منفرد سرمایہ کاری موقع فراہم کرتا ہے۔

Back to top button