انتخابات سےپہلے 10لاکھ امریکیوں کو500ڈالرکی ادائیگی شروع

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخابات میں سپورٹ کے اعلان کے بعد انتظامیہ نے رواں ہفتے تقریباً 10 لاکھ امریکیوں کو 500 ڈالر کے ریفنڈ چیک ڈاک کے ذریعے بھیجنے کا سلسلہ شروع کردیا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ ان انتخابات میں یہ فیصلہ ہونا ہے کہ آیا ریپبلکن پارٹی کانگریس پر اپنا کنٹرول برقرار رکھ پائے گی یا نہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ ادائیگیاں ان اضافی فیسوں کی واپسی ہیں جو ‘افورڈیبل کیئر ایکٹ’ (اوباما کیئر) کے تحت ہیلتھ انشورنس خریدنے والے افراد سے وصول کی گئی تھیں۔
صدر ٹرمپ نے جمعرات کو وصول کنندگان کو بھیجے گئے ایک خط میں لکھا کہ ’یہ پیسہ محنت کش امریکیوں کا ہے، حکومت کا نہیں، اور اب میں اسے آپ کو واپس کر رہا ہوں!‘۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ ادائیگیاں ملک بھر میں یکساں طور پر نہیں کی جائیں گی بلکہ صرف ان 30 ریاستوں کے مخصوص رہائشیوں کو یہ چیک ملیں گے جو ہیلتھ کوریج کے لیے وفاقی پورٹل پر انحصار کرتے ہیں۔
اپنے انشورنس پروگرام خود چلانے والی 20 ریاستوں کے شہری اس سے مستفید نہیں ہوں گے۔
