فلپائن میں 6.9 شدت کا زلزلہ، 69 افراد جاں بحق

فلپائن کے وسطی علاقے میں آنے والے 6.9 شدت کے زلزلے نے شدید تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں کم از کم 69 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔

رائٹرز کے مطابق، زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، اور اس کے بعد متعدد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جن میں سب سے شدید آفٹر شاک کی شدت 6.0 تھی۔ تاہم، سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔

فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکومت نے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش، بجلی اور پانی کی فراہمی کے لیے اداروں کو فوری متحرک کر دیا ہے۔

شہری دفاع کے افسر رافی الیخاندرو نے بتایا کہ زلزلہ منگل کی رات تقریباً 10 بجے آیا، جس کا مرکز سیبو کے شمال میں واقع شہر بوگو کے قریب تھا۔ ہسپتال زخمیوں سے بھر چکے ہیں، اور بعض علاقوں میں عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر منہدم ہو گئی ہیں۔

سیبو صوبے کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق، ہلاکتوں کی تعداد 69 ہو چکی ہے جبکہ اعداد و شمار کی مزید تصدیق کی جا رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سان ریمیگیو قصبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں اسپورٹس کمپلیکس گرنے سے متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔

ڈپٹی میئر الفی رینیس نے امدادی مشینری، پینے کے پانی اور خوراک کی فوری فراہمی کی اپیل کی ہے۔

صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے ہنگامی اقدامات کی نگرانی کے لیے وزرا کو متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کا اعلان کیا اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا۔

رغم تمام تر تباہی کے، مکتان-سیبو انٹرنیشنل ایئرپورٹ معمول کے مطابق فعال رہا۔

فلپائن بحرالکاہل کے "رِنگ آف فائر” پر واقع ہے، جہاں زلزلے اور آتش فشاں سرگرمیاں عام ہیں۔ رواں سال جنوری میں بھی دو زلزلے آئے تھے، تاہم جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ 2023 میں 6.7 شدت کے زلزلے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

Back to top button