کراچی،گڈاپ کی کونکر ندی میں 7 افراد ڈوب گئے ،2لاشیں برآمد

کراچی کے علاقے گڈاپ میں واقع کونکر ندی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 7 افراد پانی میں ڈوب گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق، اب تک 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جب کہ باقی 5 افراد کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ندی میں دو گاڑیوں کے بہہ جانے کے باعث پیش آیا۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں، اور غوطہ خور دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ملیر کینٹ کے راستے سعدی ٹاؤن پہنچ گئے جہاں وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ لٹھ ڈیم اور تھڈو ڈیم کے اوورفلو سے پانی موٹروے سے ہوتا ہوا سعدی ٹاؤن آیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نےگاڑی سے اتر کر علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور متعلقہ اداروں کو فوری نکاسی آب کے لیے ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ واٹربورڈ، ریسکیو اور کنٹونمنٹ بورڈ کی گاڑیاں نکاسی آب میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
