ایف بی آرکاٹیکس چوری کی اطلاع پرانعام دینےکااعلان

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس چوری کی اطلاع دینے والے کیلئےڈیڑھ کروڑ تک کے انعام کا اعلان کردیا۔
ترجمان کے مطابق اعلان کردہ اقدامات کے تحت محکمہ وسل بلوئنگ کا طریقہ کار متعارف کروا رہا ہے تاکہ شہری اور کمپنیاں خفیہ طریقے سے ٹیکس چوری کی اطلاعات دے سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری پکڑنے کے لیے ایف بی آر پیشہ ورانہ فرموں کی خدمات بھی حاصل کر رہا ہے تاکہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد اور کاروباری اداروں و کمپنیوں کا سراغ لگایا جا سکے۔
ایف بی آر کی جانب سے اعلان کردہ اقدامات میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس چوری کی کامیاب اطلاع دینے والے کو زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ کروڑ روپے تک انعامی رقم دی جائے گی اور یہ نظام مکمل طور خفیہ انداز میں چلایا جائے گا۔
ایف بی آر ٹیکس چوری روکنے کے لیے جن فرمز کی خدمات حاصل کرے گا وہ دستیاب ڈیٹا پر اپنی تحقیق کریں گی تاکہ بڑی ٹیکس لیکیج (چوری/کمی) کی نشاندہی کی جا سکے۔ ایف بی آر ان فرمز کی معاونت کے لیے ٹیکس ڈائریکٹری شائع کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔ فرمز اثاثہ جات کا ڈیٹا، گاڑیوں اور افراد و کاروباروں کے بڑے اخراجات کی بنیاد پر بھی ٹیکس چوری کی نشاندہی کریں گی۔
