شوکت ترین کا پاکستان سٹاک کی سفارشات کا جائزہ لینے پر اتفاق

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اس پات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی جانب سے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیں گے ۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹیکس ریفنڈز میں تیزی لانے، لسٹنگ پر کمپنیوں کے لیے ٹیکس چھوٹ بحال کرنے کے علاوہ کیپیٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ کی لسٹنگ اور فنڈنگ کے ذریعے ایس ایم ایز کی نمو میں مدد کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

سٹاک مارکیٹ کی انتظامیہ اور بڑے شرکا کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت سرکای انٹرپرائزز کی اصلاحات پر کام کررہی ہے اور وہ ایس او ایز جن کے پاس خاصی نقد رقم موجود ہے انہیں منافع کی ادائیگی کی ترغیب دی جائے گی جس سے پی ایس ایکس کی قدر بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے یہ بات دہرائی کہ معیشت ٹھیک ہو رہی ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں ریونیو کلیکشن میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔کیپٹل مارکیٹ کے شرکا میں عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب، اے کے ڈی گروپ کے عقیل کریم ڈھیڈی، جے ایس گروپ کے چییرمین جہانگیر صدیقی، نیشنل انویسٹمنٹ ٹرسٹ لمیٹڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر عدنان آفریدی، ایم یو ایف اے پی کےچیئرمین ڈاکٹر امجد وحید کے علاوہ سینٹرل ڈپوزٹری کمپنی اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے اعلیٰ عہدیدار شامل تھے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطانق شوکت ترین نے کہا کہ ہم کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (سی آر اے) ذریعے صنعت کو مضبوط کریں گے تاکہ معیار تشکیل دیا جائے۔انہوں نے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کی برآمدات پر توجہ دینے کے ساتھ اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی وزارت بینکوں اور ڈی ایف آئی کو کیپیٹل مارکیٹ کے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ترغیب دے رہی ہے۔

شوکت ترین نے اسٹاک مارکیٹ کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ سہ ماہی بنیادوں پر حصص بازار کا دورہ کرتے رہیں گے تاکہ کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی اور نمو کا جائزہ لیا جاسکے اور کامیاب عملدرآمد پر آگے بڑھا جائے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر نے وزیر خزانہ کو مارکیٹ کی حالیہ پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا اور سرمایہ کاروں اور بروکیج انڈسٹری کے لیے بجٹ میں ٹیکس رجیم آسان کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں چینی کنسورشیئم کی نمائندگی کرنے والے ڈائریکٹر یو ہینگ نے کہا کہ چینی کنسورشیم کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان، ایک ملک اور معیشت کے طور پر بڑی صلاحیت رکھتا ہے اور ہم اس صلاحیت کو سمجھنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

Back to top button