کیا یاسرہ رضوی کی چھوٹی عمر کے شوہر سے طلاق ہو گئی؟

سوشل میڈیا پر اداکارہ یاسرہ رضوی کی اپنے سے 10 سال چھوٹے شوہر اور ڈرامہ ساز عبدالہادی سے علیحدگی کی افواہیں گرم ہیں۔ یاد رہے کہ جب سال 2016 میں دونوں نے شادی کی تھی تو یاسرہ 34 برس اور عبدالہادی 24 برس کے تھے چنانچہ تب ہی ان خدشات کا اظہار کیا گیا تھا کہ یہ شادی نہیں چلے گی۔ یاسرہ رضوی شادی کے بعد شدید تنقید کی زد میں آئی تھیں اور یہ اعتراض کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایک بچے کو پھنسا کر اس سے شادی رچا لی ہے۔
دوسری جانب یاسرہ رضوی نے اپنی طلاق کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے شوہر کے ساتھ ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے اور افواہیں پھیلانے والوں کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یاسرہ رضوی نے 2 دسمبر کو انسٹاگرام پر شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لوگوں کی سوچ پر تعجب کا اظہار کیا اور لکھا کہ لوگ اب بھی سوال کرتے ہیں یا سوچتے ہیں کہ کیا ہم ایک ساتھ زندگی گزار رہے ہیں یا نہیں؟
جب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اس جانب توجہ دلوائی کہ یہ تصویر تو تین برس پرانی ہے تو یاسرہ رضوی کے پاس اس اعتراض کا کوئی واضح جواب نہیں تھا۔ اداکارہ نے ایک فلسفیانہ بات لکھتے ہوئے اپنے شوہر سے علیحدگی کو لوگوں کی سوچ اور قیاس آرائیاں قرار دیا اور کہا کہ لوگ کتنی آسانی سے دوسروں کے جدا ہونے سے متعلق سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے والدین کی شادی 50 سال تک چلی اور اُن کے پاس اپنی اکٹھی صرف ایک ہی تصویر ہے۔
یاسرہ رضوی نے شوہر کے ہمراہ پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنی پوسٹ میں مینشن بھی کیا۔ جواب میں لوگوں نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا.زیادہ تر لوگوں نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کے دوران یاسرہ رضوی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہادر اور بہترین شخص قرار دیا۔ بعض لوگوں نے یہ کمنٹس بھی کیے کہ زندگی اور خوشی لوگوں کی قیاس آرائیوں سے بہت آگے ہے، اس لیے ایسی باتوں کو دل میں نہ رکھیں اور زندگی کو خوش و خرم گزاریں۔
تاہم یاسرہ رضوی نے واضح نہیں کیا کہ لوگ انکی شوہر سے علیحدگی بارے قیاس آرائیاں کیوں کر رہے ہیں۔ دوسری جانب یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ دونوں کی شادی کے بعد سے ہی انکے عمر کے واضح فرق کی بنا پر طلاق کی افواہیں اڑتی رہی ہیں لیکن اس مرتبہ ان میں تیزی آگئی۔
یاد رہے کہ یاسرہ رضوی نے جنوری 2016 میں خود سے 10 سال کم عمر ڈرامہ ساز عبدالہادی سے شادی کی جس پر اداکارہ کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ یاسرہ رضوی کی شادی کے وقت 34 سال عمر تھی جبکہ ان کے شوہر 24 سال کے تھے۔ رواں برس جنوری میں یاسرہ نے ایک انٹرویو میں اس مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں خود سے ایک دہائی کم عمر لڑکے سے شادی کرنے پر بہت کچھ برداشت کرنا پڑا، گلوکارہ کے ہاں رواں برس مئی میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کے بعد انہیں سکرین پر کم دیکھا جا رہا ہے۔ یاسرہ رضوی کا کہنا تھا کہ میرے شوہر میرے بہت اچھے دوست بھی ہیں، ہم زندگی کے ایک ایسےمقام پر ملے رھے جب ہادی ایبٹ آباد سے نئے نئے آئے تھے، ان کی بہن میری بہت اچھی دوست ہیں، ہمارے گھر نزدیک تھے لہٰذا ہماری پہلی ملاقات بھی وہیں ہوئی۔
یاسرہ رضوی کے مطابق ہادی بالکل خاموش طبع تھے، میں اس وقت بہت موٹی ہوا کرتی تھی اور ہادی کو بھی باڈی بلڈنگ کی وجہ سے وزن کم کرنے میں دلچسپی تھی لہٰذا ہماری دوستی ہوگئی۔۔اداکارہ نے بتایا کہ ہادی نے بطور دوست میری زندگی کے مشکل ترین لمحات میں میرا ساتھ دیا اور میری زندگی کا عقلمندانہ فیصلہ تھا کہ میں نے شادی کے لیے دوست کو ترجیح دی، لیکن اس شادی کے بعد مجھے سوشل میڈیا پر نامناسب انداز کے ساتھ پکارا گیا جس نے کافی تکلیف پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسے لوگوں کو صرف یہی کہنا چاہوں گی کہ کاش ان میں کچھ شعور ہوتا اور وہ سمجھ سکتے کہ رشتے جسم سے بالاتر ہوتے ہیں، لیکن افسوس کہ ہم نے ہر چیز کو جسم، عمر اور وضع قطع تک محدود کر دیا ہے۔
یاسرہ رضوی کا کہنا تھا کہ شادیاں تو احساس پر چلتی ہیں، دوستی پر، اعتماد پر اور ایک دوسرے کی سچائی۔پر چلتی ہیں، جتنی سچائی میری ہادی کو پتہ ہے کسی کو نہیں پتہ، اچھا مرد مل جانا کسے کہتے ہیں مجھے اب سمجھ آیا ہے۔ تاہم یاسرہ رضوی کی جانب سے تردید کے باوجود ان کی طلاق کے حوالے سے افواہیں کم ہونے کی بجائے بڑھتی جا رہی ہیں کیونکہ ہادی نے اس معاملے پر ایک پراسرار خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔