اداکارہ عائشہ عمر کو ’’کالر بون‘‘ سرجری کیوں کرانا پڑی؟

معروف اداکارہ عائشہ عمر نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے کالربون اور شولڈر کی ٹوٹی ہوئی ہڈیوں کی کامیاب سرجری کروا لی ہے، اداکارہ کے مطابق 8 سال قبل حیدرآباد ہائی وے پر ان کی ٹریفک حادثے میں کالربون اور شولڈر کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں اور 8 برس سے وہ ایسے ہی شوبز انڈسٹری میں کام کر رہی تھیں۔عائشہ عمر نے یہ انکشاف اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا، انہوں نے اپنے ڈاکٹر کا ایک نوٹ شئیر کیا جس میں اداکارہ کی حالت کی سنگینی اور سرجری سے متعلق وضاحت کی گئی۔ پوسٹ کے کیپشن میں اداکارہ نے کہا کہ یکم رمضان (12 مارچ 2024) کو شام 7 بجے ان کی سرجری ہوگئی ہے، انہوں نے مزید لکھا کہ بہت ہوگیا تھا ٹوٹی ہوئی ہڈی کے ساتھ ناچ گانا اور زندگی گزرنا، میں بتایا چاہتی ہوں کہ 8 سال قبل حیدرآباد ہائی وے پر ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں میری کالربون اور شولڈر بلیڈ کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں اور کافی عرصے سے اس تکلیف کے ساتھ کام کررہی تھی۔اُن کا کہنا تھا کہ کئی سالوں تک علاج اور تھیراپی کروانے کے بعد بھی ہڈیاں نہیں جڑیں، کئی سالوں تک درد اور تکلیف برداشت کرنے کے بعد ہمت جمع کرکے اپنی سرجری کرالی ہے اور اب بہتر محسوس کر رہی ہوں، اداکارہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تین گھنٹے تک ان کی پیچیدہ سرجری ہوئی میری ٹوٹی ہوئی ہڈیاں بہت سارے ٹشوز اور پٹھوں میں پھنسی ہوئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت ہسپتال میں ہیں اور کل ڈسچارج ہو جائیں گی، ان کے پیلوک بون (پیٹ کے نچلے حصے کے پٹھے) سے ہڈی کا کچھ حصہ ہنسلی کی جگہ پر لگایا گیا ہے جو انتہائی تکلیف دہ ہے، وہ چل نہیں سکتی اور اپنی بائیں ٹانگ پر کوئی وزن نہیں ڈال سکتیں، صحت یاب ہونے کے لیے انہیں کافی وقت لگے گا اس لیے وہ 4 ماہ کے لیے انڈسٹری میں کام اور سفر نہیں کریں گی، اس دوران وہ صرف موسیقی، آئیڈیاز اور اسکرپٹ کے علاوہ اپنے برانڈز کے ساتھ کام کریں گی، اداکارہ کی جانب سے سرجری کروانے کے انکشاف کے بعد ساتھی اداکاروں نے ان کے لیے نیک تمناؤں اور جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔

Back to top button