کیا واقعی ڈراموں میں نکاح یا طلاق اصل میں واقع ہو جاتی ہے؟

ایک عالم کی جانب سے ڈراموں میں اداکاروں کے درمیان ہونے والے نکاح اور شادیوں کو اصل قرار دیئے جانے پر سوشل میڈیا پر نئی بحث کا آغاز ہو گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے، جس پر صارفین سمیت اداکار بھی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر نجی ٹی وی چینل کے پروگرام قطب آن لائن کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں علما حضرات کہتے ہیں کہ ڈراموں میں میاں بیوی کی اداکاری کرنے والوں کا نکاح اور طلاق اصل میں ہو جاتی ہے، جس پر اداکاروں اور سوشل ؐمیڈیا دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ وائرل ویڈیو کے شروع میں ایک عالم دوسرے اسکالر سوال پوچھتے ہیں کہ ’ڈرامے میں اگر اصل میں میاں بیوی ڈرامے کے ہی ایک سین میں ڈائیلاگ بولتے ہوئے طلاق کہتے ہیں تو اصل میں طلاق ہوجاتی ہے جب کہ اس کی نیت یہ نہیں تھی، تو کیا یہ صورت نکاح میں بھی یہی رہے گی کہ دو اداکار ڈرامے میں کام کر رہے ہیں اور انہوں نے ڈرامے میں ہی شادی کرلی تو کیا وہ شادی ہوجائے گی؟ جس پر سکالر کہتے ہیں ’جی ہاں بالکل ہوجائے گی‘ سکالر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اگر دو گواہوں کی موجودگی میں اگر دو شخص آپس میں شریعت کے مطابق نکاح قبول کرتے ہیں، اگر وہ مزاقاً بھی کرتے ہیں،‘ اس دوران پروگرام کے میزبان بلال قطب نے ان کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ ’یہ مذاق نہیں بلکہ ڈرامے کی بات ہو رہی ہے، جس پر اسکالر نے کہا کہ ڈراما بھی تو رئیل (اصل) میں تو نہیں ہے، اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو نکاح بھی ہوجائیگا، اس پر چیک اینڈ بیلنس کیوں رکھا گیا ہے۔سکالر کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے نئی بحث شروع کر دی ہے کہ جب کردار، نام اور گواہ نقلی ہیں تو شادی اصلی کیسے ہو سکتی ہے؟ ایک اور صارف نے کہا کہ ’یہ 3 سال پرانا کلپ ہے جو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، دوسری جانب اداکاروں نے بھی دلچسپ تبصرے کیے۔اداکار علی عباس نے لکھا کہ ’میں نے ابھی گنتی کی ہے جس کے مطابق میں نے 97 نکاح کیے ہیں، میری بیویاں کہاں ہیں؟ اداکارہ یشمہ گل نے ہسنتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے تو یہ بھی یاد نہیں کہ میں نے پہلی ہاں کس کو کہی تھی، میرا اصل شوہر کون ہے؟ استغفراللہ‘۔ ماڈل مشک کلیم نے لکھا کہ ’ اِن اَن پڑھ نام نہاد علماء کی فیکٹ چیکنگ کرنے والا کوئی نہیں؟ اداکارہ اُشنا شاہ نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے شوہر سے اس معاملے پر عجیب و غریب گفتگو کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ اداکارہ انوشے اشرف نے لکھا کہ مذہب کو آزادی، روحانی وجود کا حقیقی راستہ بنانے کے بجائے یہاں ہمارے ’تعلیم یافتہ‘ علما/اسکالرز ایسے موضوعات پر گفتگو کر رہے ہیں جو مذہب کو سخت اور محدود پیش کر رہے ہیں، انوشے اشرف نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’اور اگر نکاح جائز ہو ہی گیا ہے شاید وہ ایک ہی بستر پر بھی بیٹھ سکتے ہیں؟ دوسری جانب اداکارہ نادیہ حسین نے ویڈیو پیغام دیتے ہوئے سکالر پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس قسم کی بات مولوی صاحب کہہ رہے ہیں کہ جھوٹے ڈرامے میں نکاح سچ ہوسکتا ہے اور وہ نکاح جائز ہے، اس کا مطلب ہے کہ آپ فحاشی پھیلانے کی کلین چٹ دے رہے ہیں کہ لوگ جھوٹا نکاح، جھوٹے مولوی، اور جھوٹے دستخط کر کے نکاح کر سکتے ہیں۔

Back to top button