خاتون کے پیٹ سے اڑھائی کلو بال برآمد،ڈاکٹر بھی حیران

 بھارتی ریاست اترپردیش میں ڈاکٹروں نے حمل کے دوران بال کھانے کی عادی خاتون کے پیٹ سے ڈھائی کلو بال  نکال لیے۔

چتراکوٹ کی رہائشی 25 سالہ خاتون حاملہ ہونے کے بعد بال کھانے کی عجیب عادت میں مبتلا ہوگئی تھی،خاتون اپنے بالوں کے ساتھ ساتھ آس پاس موجود دوسرے افراد کے بال بھی کھاتی تھی۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچے کی پیدائش کے بعد خاتون نے بال کھانا تو بند کردیا لیکن اس کے پیٹ میں درد رہنے لگا، درد کی شدت کی وجہ سے خاتون کچھ کھا بھی نہیں سکتی تھی جس کے بعد خاتون کے اہل خانہ اسے قریبی اسپتال لے گئے لیکن  خاتون کو دی گئی دوائیاں بھی بے سود رہیں۔بعد ازاں خاتون کو چتراکوٹ کے ایک پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز پیٹ میں درد کی اصل  وجہ جان کر حیران رہ گئے۔

ڈاکٹرز نے خاتون کے اہل خانہ کو  بتایا کہ بال کھانے کی عادت کی وجہ سے خاتون کا معدہ بالوں کے گچھے سے  مکمل طور پر بھر چکا ہے،  ایسی حالت میں خاتون کی موت  بھی واقع ہو سکتی تھی، اس کے بعد خاتون کی سرجری کی گئی اور تقریباً 45 منٹ تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد پیٹ سے تقریباً ڈھائی کلو وزنی بالوں کا ایک گچھا نکال لیا گیا۔

Back to top button