اسلام آباد ہائی کورٹ: لاپتہ شہری خورشید احمد کی گرفتاری ظاہر کر دی گئی

اسلام آباد ہائی کورٹ میں آزاد کشمیر سے لاپتہ شہری خورشید احمد کی بازیابی کے کیس میں حکام نے خورشید احمد کی گرفتاری ظاہر کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے خورشید احمد کی بازیابی کےلیے دائر درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ خواجہ خورشید ملٹری کی حراست میں ہیں۔ وزارت دفاع کے ڈائریکٹر لیگل عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ جاسوسی کے الزام میں خواجہ خورشید ملٹری کی حراست میں ہیں، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ چلیں بندے کا پتہ تو چل گیا۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی: بجٹ کی منظوری اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے باعث مؤخر
عدالت نے پوچھا کہ کیا وہ ملٹری سے ریٹائرڈ ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے بتایا کہ جی وہ ملٹری سے ریٹائرڈ ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں ان کے جواب کی کاپی دے دیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ جی بالکل آپ کاپی لے لیں اور متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔
عدالت نے لاپتہ شہری سے متعلق درخواست نمٹا دی۔