سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کے کرنل شہید
ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید اور دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ٹانک کے قریب دہشت گردوں کی پناہ گاہ پرکارروائی کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جیسے ہی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمٰن شہید ہوگئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی پناہ گاہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ کرنل مجیب الرحمٰن کا تعلق ضلع استور کے علاقے بونجی سے تھا اور انہوں نے سوگواران میں بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔
دوسری جانب صدر مملک ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمٰن کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بےپناہ قربانیاں دے کر دہشت گردی کو ختم کیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمٰن کے حوصلے کو سراہا۔
وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ٹانک کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر ان کی تعریف کی۔ساتھ ہی عمران خان نے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کرنل مجیب الرحمٰن کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری قوم مسلح فورسز اور سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی بےمثال قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوچکا ہے اور امن بحال ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 30 جنوری 2020 کو قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
دریں اثنا 5 دسمبر کو شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔
یکم دسمبر 2019 کو پاک-افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہو گئے تھے۔
