پٹرول پر 100 روپےلٹرڈسکاؤنٹ،بحران کا عارضی حل یا حقیقی ریلیف؟

خلیج میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پیدا ہونے والے بحران اور اس کے پاکستان کے عوام پر پڑنے والے اثرات کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پٹرول ریلیف پیکیج کا اعلان ایک اہم حکومتی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پیکیج کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پٹرول پر فی لٹر 100 روپے تک رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے مستحق صارفین کو ماہانہ تقریباً 3 ہزار روپے تک ریلیف ملنے کی توقع ہے۔ اس اقدام کا مقصد براہ راست ان طبقات کو سہولت فراہم کرنا ہے جو روزانہ سفر اور آمدورفت کے لیے پٹرول پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔
تاہم حکومت کے اس ریلیف پیکیج کی اصل کامیابی اعلان میں نہیں بلکہ اس کے عملی نفاذ میں ہوگی۔ پیکیج ایک ہدفی اور قلیل مدتی اقدام ہے جو موجودہ صورتحال میں عوام کو کچھ حد تک ریلیف فراہم کرسکتا ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ یہ سہولت حقیقی مستحقین تک کتنی مؤثر انداز میں پہنچتی ہے اور اس کے نتیجے میں عوام کی مشکلات میں کتنا عملی فرق پڑتا ہے۔ اگر پیکیج پر 75 فیصد تک بھی مؤثر اور شفاف انداز میں عملدرآمد ہوجاتا ہے تو موجودہ بحرانی حالات میں اسے حکومت کی ایک بڑی کامیابی تصور کیا جاسکتا ہے، کیونکہ سبسڈی یا رعایت کا اعلان کرنا نسبتاً آسان، جبکہ اسے ملک کے مختلف حصوں میں درست طریقے سے نافذ کرنا ایک بڑا انتظامی چیلنج ہوتا ہے۔
خلیج میں جاری کشیدگی نے پہلے ہی عالمی توانائی منڈی کو شدید دباؤ میں ڈال رکھا ہے اور پاکستان جیسے درآمدی ایندھن پر انحصار کرنے والے ملک کے لیے اس صورتحال کے اثرات مزید سنگین ہوسکتے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اثر صرف گاڑیوں کے ایندھن تک محدود نہیں رہتا بلکہ ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش، کاروباری سرگرمیوں، بجلی کی لاگت اور روزمرہ استعمال کی تقریباً ہر چیز تک پہنچتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں معمولی اضافہ بھی پہلے سے مہنگائی کا شکار عوام کے لیے اضافی بوجھ بن جاتا ہے اور حکومت پر عوامی دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
حکومت کو ایک طرف عالمی مالیاتی ادارے کی شرائط، محدود مالی وسائل اور پہلے سے موجود معاشی مشکلات کا سامنا ہے، تو دوسری طرف عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت بھی اپنی جگہ موجود ہے۔ ایسے میں پٹرول ریلیف پیکیج کی کامیابی کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔ صوبائی حکومتوں کو اس پیکیج پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ وفاقی حکومت کو پورے عمل کی مسلسل نگرانی کرتے ہوئے یہ دیکھنا ہوگا کہ رعایت کا فائدہ حقیقی صارفین تک پہنچ رہا ہے یا نہیں۔
پٹرولیم لیوی میں کمی کے معاملے پر جماعت اسلامی کی جانب سے بھی حکومت پر مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر نعیم الرحمن نے 100 روپے فی لٹر ریلیف کے اعلان کو اپنے دباؤ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا ہے اور 20 ستمبر کی احتجاجی کال پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور بھی متوقع ہے۔ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی میں کمی کے بجائے حکومتی آمدن بڑھانے کے لیے متبادل ذرائع پر مشتمل چھ تجاویز بھی پیش کر رکھی ہیں، جن پر حکومت نے غور کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم اس معاملے میں ابھی تک کوئی واضح پیش رفت دکھائی نہیں دے رہی۔
دوسری جانب حکومت کو پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں اور مجوزہ لانگ مارچ کے دباؤ کا بھی سامنا ہے۔ حکومت ایک ایسے وقت میں مزید سیاسی محاذ کھولنے سے گریز کرنا چاہتی ہے جب اسے معاشی مشکلات کے ساتھ ساتھ اتحادی جماعتوں، بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ بعض معاملات میں اختلافات ختم کرنے کی کوشش بھی کرنا پڑ رہی ہے۔ ایسے حالات میں پٹرولیم بحران حکومت کے لیے صرف معاشی نہیں بلکہ ایک بڑا سیاسی اور انتظامی امتحان بھی بن چکا ہے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ خلیجی کشیدگی جلد ختم ہوتی دکھائی نہ دے تو پاکستان کو محض عارضی ریلیف پیکیج پر انحصار کرنے کے بجائے ایک جامع اور فوری پٹرولیم پالیسی تشکیل دینا ہوگی۔ عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ، درآمدی ایندھن پر انحصار اور ملکی مالی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت کو ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جو آنے والے دنوں میں عوام کو بار بار قیمتوں کے جھٹکوں سے محفوظ رکھ سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پٹرول ریلیف پیکیج موجودہ حالات میں اپنی اہمیت ضرور رکھتا ہے، لیکن مہنگائی کے مستقل خاتمے کے لیے اس سے کہیں زیادہ وسیع اقدامات درکار ہیں۔ حکومت کو اپنے اخراجات میں کمی، غیر ضروری سرکاری اخراجات پر قابو، وسائل کے مؤثر استعمال اور عوامی ریلیف کو اپنی ترجیحات میں سب سے اوپر رکھنا ہوگا۔ عوام اس وقت صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی تبدیلی چاہتے ہیں، اس لیے حکومت کی اصل آزمائش یہی ہے کہ پٹرول پر دی جانے والی رعایت کتنی شفافیت سے عوام تک پہنچتی ہے اور اس کے ساتھ مہنگائی کے مجموعی دباؤ کو کم کرنے کے لیے مزید کیا اقدامات کیے جاتے ہیں۔ اگر حکومت موجودہ بحران میں عوام کو حقیقی ریلیف دینے اور اپنے انتظامی و مالی معاملات کو مؤثر بنانے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو یہی پیکیج ایک بڑے عوامی ریلیف کی بنیاد بن سکتا ہے۔
