عافیہ صدیقی کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 4 رکنی لارجر بینچ قائم کر دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق درخواست پر سماعت کے لیے 4 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے قائم کیے گئے اس بینچ کی سربراہی جسٹس ارباب محمد طاہر کریں گے، جبکہ بینچ میں جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس بھی شامل ہوں گے۔ لارجر بینچ 10 ستمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا مقدمہ اس سے قبل جسٹس سردار اعجاز اسحاق کی عدالت میں زیرِ سماعت تھا، جنہوں نے وزیرِاعظم اور کابینہ کے کچھ اراکین کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے تھے۔
بعد ازاں، جسٹس سردار اعجاز کو صرف ٹیکس سے متعلق مقدمات سننے والے سپیشل ڈویژن بینچ تک محدود کر دیا گیا، اور ان سے سنگل بینچ میں زیر سماعت تمام کیسز واپس لے لیے گئے۔
ڈاکٹر عافیہ کا کیس جسٹس انعام امین منہاس کی عدالت منتقل ہوا، جنہوں نے گزشتہ سماعت پر اس اہم نوعیت کے کیس کے لیے لارجر بینچ کی تشکیل کی سفارش چیف جسٹس کو بھجوائی تھی، جس پر اب عملدرآمد ہو چکا ہے۔
