ہیڈ پنجند سیلابی ریلا، گڈو بیراج تک دو دن میں پہنچنے کا امکان

پنجاب کے مختلف دریاؤں سے آنے والا سیلابی ریلا آج ہیڈ پنجند کے مقام پر پہنچے گا، جبکہ یہ ریلا اگلے دو دنوں میں گڈو بیراج تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق، ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد 2 لاکھ 27 ہزار 710 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 13 ہزار 740 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ سیلابی ریلا ہیڈ پنجند سے روانہ ہو کر آئندہ 48 گھنٹوں میں گڈو بیراج تک پہنچے گا۔

ادھر گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 42 ہزار 153 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 10 ہزار 408 کیوسک رپورٹ کیا گیا ہے۔

سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار 230 کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 75 ہزار 850 کیوسک ہے۔ اسی طرح، کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 47 ہزار 186 اور اخراج 2 لاکھ 9 ہزار 431 کیوسک ریکارڈ ہوا ہے۔

دریائے سندھ میں بڑھتے ہوئے پانی کے پیش نظر کوٹری بیراج کے قریب ریسکیو 1122 کے کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

صوبائی وزیر زراعت محمد بخش مہر نے گڈو بیراج اور کندھ کوٹ کشمور بند کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صورتِ حال فی الحال مکمل کنٹرول میں ہے اور کسی فوری خطرے کی کوئی علامت نہیں، تاہم حکام نے ممکنہ طور پر 7 لاکھ کیوسک کے سیلابی ریلے کی آمد کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

واضح رہے کہ دریائے پنجند دراصل پنجاب کے پانچ بڑے دریاؤں کے ملاپ سے بنتا ہے — دریائے جہلم اور راوی، دریائے چناب میں شامل ہوتے ہیں، جبکہ بیاس دریائے ستلج کا حصہ بنتا ہے۔ بعد ازاں، ستلج اور چناب اوچ شریف کے نزدیک آ کر دریائے پنجند کی تشکیل کرتے ہیں۔

Back to top button