ابرار احمدٹی20 کے نمبر ون باؤلربن گئے

پاکستان کے لیگ سپنر ابرار احمد نے آئی سی سی کی ٹی20باؤلرزرینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے کیریئر کا اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔ وہ ٹی20 فارمیٹ میں عالمی نمبر ایک بننے والے پاکستان کے پانچویں باؤلرہیں۔
ابرار احمد سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی آئی سی سی ٹی20 باؤلنگ رینکنگ میں سرفہرست مقام حاصل کرچکے ہیں۔
نئی رینکنگ میں افغانستان کے سپنر راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ راشد خان گزشتہ 6 ماہ سے ٹی20 باؤلرزکی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر موجود تھے۔
پاکستان کے دیگر باؤلرزمیں محمد نواز آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ سلمان مرزا ایک درجے تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے 47 درجے ترقی کی اور کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے۔ اسی طرح انگلینڈ کے لیام ڈاسن 12 درجے بہتری کے بعد 11ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
بھارت کے اکشر پٹیل نے بھی 12 درجے ترقی حاصل کی، جس کے بعد وہ 15ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
