ایشین گیمز : پاکستان ویمنز نے بنگلا دیش کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا

پاکستان نے 2026 ایشین گیمز ویمنز کرکٹ مقابلے کے تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلا دیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔
کوروگی پارک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔
پاکستان کی کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 45 رنز بنائے،جس میں 3 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
اوپنر گل فیروزہ نے 23 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی اور 6 چوکے لگائے۔
عالیہ ریاض نے 22 گیندوں پر 25 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور 2 چھکے شامل تھے، جب کہ اوپنر شوال ذوالفقار 27 گیندوں پر 17 رنز بناسکیں۔
سائرہ جبین 5، عائشہ ظفر 9 اور طوبیٰ حسن 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ ایمن فاطمہ کوئی رن نہ بنا سکیں۔
بنگلا دیش کی جانب سے ریتو مونی، شرنا اختر اور ناہیدہ اختر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سنجیدہ اختر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز ہی بنا سکی, یوں پاکستان نے 31 رنز سے کامیابی حاصل کرکے کانسی کا تمغہ جیت لیا۔
بنگلا دیش کی جانب سے شمیم اختر نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 45 گیندوں پر ناقابلِ شکست 46 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے بھی شامل تھے۔کپتان نگار سلطانہ نے 30 گیندوں پر 25 جبکہ اوپنر دلارا اختر نے 8 گیندوں پر 12 رنز بنائے۔شرنا اختر 6، جویریہ فردوس اور رابعہ خان 4، 4، ریتو مونی 3 اور سوبھانا موستری 2 رنز بنا سکیں، جب کہ ناہیدہ اختر 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے اُمِ ہانی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 10 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ تسمیہ رباب، فاطمہ ثنا، نشرح سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
