اداکار عامرخان پرناجائزبچےکاباپ ہونےکاالزام عائد

بالی ووڈ اداکار عامر خان پربھائی فیصل خان نے ناجائز بچے کا باپ ہونے کا سنگین الزام عائد کردیا،اہل خانہ نے تردید کردی۔
فیصل خان کا کہنا تھا کہ ان کے بارے میں جھوٹا تاثر دیا گیا کہ وہ ذہنی بیماری کا شکار ہیں، حتیٰ کہ ان کا زبردستی نفسیاتی معائنہ اور علاج کرانے کی کوشش کی گئی۔ ان کے مطابق انہیں نشہ آور دوائیں دے کر ایک سال تک گھر میں قید رکھا گیا۔
پریس کانفرنس کے دوران فیصل خان نے عامر خان پر بھی براہِ راست الزام عائد کیا کہ وہ شادی شدہ ہونے کے باوجود ایک غیر ملکی صحافی کے ساتھ تعلقات میں رہے اور ان سے بچہ پیدا ہوا۔ ان کے مطابق ان کی بہن نے اس پریس کانفرنس کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ اپنی بات پر قائم رہے۔
فیصل خان نے مزید کہا کہ وہ اپنے خاندان سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں، والدین کی جائیداد میں کسی حصے کے خواہاں نہیں اور نہ ہی عامر خان سے کسی مالی مدد کی توقع رکھتے ہیں۔
فیصل کے بیانات پر ردِ عمل دیتے ہوئے عامر خان اور اہلِ خانہ نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں ان الزامات کو بے بنیاد، گمراہ کن اور افسوسناک قرار دیا گیا۔
