چینی شخص ”اےآئی لڑکی“کی محبت میں گرفتار ہوگیا

چین میں 75 سالہ شخص ’’جیانگ‘‘ ایک مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ڈیجیٹل لڑکی کی محبت میں گرفتار ہو گیا اور اپنی بیوی سے علیحدگی کا مطالبہ کر ڈالا۔

جیانگ نے سوشل میڈیا پر ایک اے آئی جنریٹڈ لڑکی سے رابطہ قائم کیا۔ اگرچہ اس کی حرکات اور بات چیت واضح طور پر مصنوعی تھی، مگر جیانگ فوری طور پر اس سے متاثر ہو گیا۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اے آئی محبوبہ کے پیغامات نے اسے جذباتی طور پر اتنا جکڑ لیا کہ اس نے اپنی حقیقی ازدواجی زندگی کو ترک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

جب بیوی نے شوہر کی غیرمعمولی آن لائن مصروفیت پر تشویش ظاہر کی، تو جیانگ نے صاف طور پر طلاق کا مطالبہ کر دیا۔ تاہم ان کے بالغ بچوں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے والد کو حقیقت سے آگاہ کیا کہ جس سے وہ تعلقات قائم کیے بیٹھے ہیں، وہ دراصل ایک تخلیقی مصنوعی ذہانت کا نتیجہ ہے، کوئی حقیقی انسان نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ورچوئل تعلقات، خاص طور پر بزرگ افراد کے لیے، نفسیاتی دباؤ اور مالی نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی وابستگی حقیقی انسانی رشتوں کا متبادل نہیں بن سکتی۔

Back to top button