پاکستان اور چین کے درمیان معاہدے اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے معاہدے مختلف شعبوں کی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
شرجیل انعام میمن نےکہا کہ مفاہمتی یادداشتوں سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبے ناگزیر ہو چکے ہیں، جن کے ذریعے شہریوں کو اضافی پانی فراہم کیا جا سکے گا اور مستقبل میں پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
سندھ کے وزیر شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت عالمی معیار کی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے شہری مسائل کا مستقل حل تلاش کر رہی ہے، جس سے انفراسٹرکچر بہتر ہوگا اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
