گوگل پر ہمشیہ نیلم منیر کیساتھ احسن خان کا نام کیوں آتا ہے؟

اداکارہ نیلم منیر اور اداکار احسن خان کے آج کل گوگل پر بہت زیادہ چرچے ہیں، جس کی وجہ نیلم منیر بن رہی ہیں، گوگل پر نیلم منیر کا نام لکھنے پر ساتھ اداکار احسن خان کا نام بھی ظاہر ہو رہا ہے جس پر مداح کافی حیران ہیں۔احسن خان نے حال ہی میں ’ایف ایچ ایم میگزین‘ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے دیگر معاملات سمیت نیلم منیر کے ساتھ اداکاری اور تعلقات کے حوالے سے بھی کھل کر باتیں کیں، انہوں نے کہا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر اپنے بچوں کی کلاس میں پوزیشن حاصل کرنے کی تصاویر اور پوسٹس لگاتے ہیں وہ دراصل دوسرے لوگوں اور بچوں کو احساس کمتری کا شکار بناتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے عمل سے دوسرے بچے صدمے میں جا سکتے ہیں اور ان کے ذہن میں یہ سوال آ سکتا ہے کہ ان کی جانب سے پوزیشن حاصل نہ کرپانے میں ان کا اور ان کے والدین کا قصور ہوسکتا ہے، اسی طرح انہوں نے سوشل میڈیا پر دیگر عیاشیوں کی رونمائی کرنے کی بھی حوصلہ شکنی کی اور کہا کہ ایسے عمل سے دوسرے افراد کو ڈپریشن ہو سکتا ہے۔بھارت کی جانب سے چاند پر مشن بھیجے جانے کے سوال پر احسن خان نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پڑوسیوں کے چاند پر جانے پر ہمیں پریشان نہیں ہونا چاہئے، ہمیں اس بات کی فکر ہونی چاہئے کہ جب ہمارے ہاں کوئی غلط کام ہو تو اس پر ہمیں شرمندگی ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کو چھوڑ کر بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں، دراصل یہ وہ لوگ ہیں جن کے پاس کچھ پیسہ ہے جو بیرون ملک بھی جگہ خریدنے کے اہل ہیں، پاکستان سے بیرون ملک منتقل ہونے والے افراد کی صرف تھوڑی سی کمائی کم ہوئی ہے تو وہ بیرون ملک جا رہے ہیں، حالانکہ ایسے حالات نہیں کہ ملک چھوڑنا پڑے، پروگرام کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ گوگل پر نیلم منیر کا نام لکھا جائے تو ساتھ میں احسن خان کا نام آتا ہے؟ ایسا کیوں ہے؟ اس پر احسن خان نے جواب دیا کہ انہیں اس حقیقت کا علم نہیں کہ ایسا ہے لیکن ممکنہ طور پر یہ اس لیے ہوگا کہ دونوں نے ایک ساتھ زیادہ کام کیا ہے اور ان کے کام کو پسند بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گوگل پر ایسا کچھ ہو رہا ہے تو انہیں اس کا علم نہیں اور نہ ہی اس میں ان کا ہاتھ ہے بلکہ یہ لوگوں اور ان کے مداحوں کا کام ہوگا، انہوں نے نیلم منیر کے علاوہ بھی متعدد لڑکیوں کے ساتھ کام کیا ہے اور ان کے ساتھ ان کے کام کو سراہا بھی گیا ہے۔
