ایشوریہ رائے کا گانا بھارتی نصاب میں شامل ہونے پرتنازع کھڑاہوگیا

بھارت کی ریاست اڑیسہ میں آٹھویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی ووڈ فلم کے معروف گانے ’’نمبوڑا نمبوڑا‘‘ کو شامل کیے جانے پر شدید تنازع سامنے آگیا ہے۔ سوشل میڈیا پر کتاب کے صفحات وائرل ہونے کے بعد والدین، اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم نے نصاب کی تیاری پر سوالات اٹھاتے ہوئے حکام سے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت تیار کی گئی آٹھویں جماعت کی آرٹ ایجوکیشن کی کتاب ’’کیرتی‘‘ کے ایک باب میں 1999 کی بالی ووڈ فلم ’’ہم دل دے چکے صنم‘‘ کے مقبول گانے ’’نمبوڑا، نمبوڑا‘‘ کے مکمل بول شائع کیے گئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کتاب میں اس گانے کو راجستھانی لوک گیت کے طور پر پیش کیا گیا ہے، حالانکہ یہ فلم میں اداکارہ ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا تھا۔
