پی ایس ایل سیزن 7 کا آفیشل ترانہ کس نے گایا ہے؟

مختصر دورانیے کی کرکٹ پی ایس ایل کے نئے سیزن کا شائقین کو ہر سال بے تابی سے انتظار رہتا ہے، پی ایس ایل کے ساتویں سیزن کیلئے آفیشل ترانہ آئندہ ہفتے ریلیز کیا جائیگا جس کی موسیقی عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے جبکہ معروف گلوکار عاطف اسلم، گلوکارہ آئمہ بیگ اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔ یہ ترانہ ایونٹ سے قبل اور میچز کے دوران وینیوز پر بجایا جاتا رہے گا، یہ ترانہ پی ایس ایل 7 کے انعقاد پر شائقین کرکٹ کے جوش و جذبہ کی عکاسی کرتا ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں شائقینِ کرکٹ کے لیے تفریح کا باعث بنے گا۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ عاطف اسلم پاکستان سپر لیگ کا آفیشل ترانہ گنگنائیں گے جبکہ آئمہ بیگ گزشتہ ایڈیشن کے آفیشل ترانے ‘گروو میرا’ میں بھی فن کا جادو جگا چکی ہیں، پروڈیوسر عبداللہ صدیقی نے بتایا کہ پی ایس ایل کا ترانہ تیار کرنا کسی بھی موسیقار کے لیے ایک خواب کی مانند ہوتا ہے اور یہ اعزاز دینے پر وہ پی سی بی کے مشکور ہیں۔
عبداللہ صدیقی نے بتایا کہ عاطف اسلم اور آئمہ بیگ دونوں معروف گلوکار ہیں اور اس ترانے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے پر بہت فخر ہے، ہم نے ایک ایسا ترانہ تیار کرنے کی کوشش کی ہے جو کھیل کی روح کے مطابق ہو، یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کو یہ ترانہ بہت پسند آئے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 2015 میں ہوا تھا اور اس کا پہلا گانا گلوکار علی ظفر کی آواز میں ریلیز کیا گیا تھا، علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل فرسٹ کا گانا ’اب کھیل کے دکھا‘ کافی سراہا گیا تھا اور اسی وجہ سے علی ظفر کی آواز میں ہی ابتدائی تین پی ایس ایل کے گانے جاری کیے گئے۔
100 بچوں کے قاتل جاوید پر بنی فلم ریلیز کرنے کا اعلان
پی ایس ایل دوئم کا گانا ’اب کھیل جمے گا‘ جنوری 2017 میں جبکہ پی ایس ایل تھری کا گانا ’دل سے جان لگا دے‘ جنوری 2018 میں ریلیز کیا گیا اور مجموعی طور پر علی ظفر کے تینوں گانوں کو پسند کیا گیا، پی ایس ایل فور کا گانا ’کھیل دیوانوں کا‘ اداکار فواد خان اور ینگ دیسی بینڈ کی آواز میں جنوری 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
پی ایس ایل فائیو کا گانا ’تیار ہیں‘ کو گلوکار علی عظمت، عارف لوہار، عاصم اظہر، ذوالفقار جبار خان اور ہارون رشید کی آواز میں جنوری 2020 میں ریلیز کیا گیا تھا، پی ایس ایل فائیو کے گانے کو بھی کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ پی ایس ایل 6 کے گانے ’گروو میرا‘ پر بھی شائقین نے شدید تنقید کی تھی۔
