شرمیلا فاروقی نادیہ خان کے خلاف ایف آئی اے پہنچ گئیں

پیپلز پارٹی سندھ کی رکن اسمبلی شرمیلا فاروقی نے ٹی وی میزبان اور اداکارہ نادیہ خان کے خلاف اپنی والدہ کی ایک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے خلاف تحقیقاتی ادارے سے رجوع کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب نادیہ خان نے بھی اپنے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت مقدمہ دائر کرنے کی درخواست درج ہونے کے بعد خاموشی توڑ دی ہے۔

نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر 30 منٹ کی طویل ویڈیو میں شرمیلا فاروقی کی جانب سے مقدمہ دائر کروانے اور اپنے خلاف نا مناسب زبان استعمال کیے جانے کے معاملے پر بات کی ہے۔ نادیہ خان نے ویڈیو میں اپنے تیسرے شوہر کو بھی ساتھ بٹھایا، جنہوں نے خود بھی اس معاملے پر بات کی اور گواہی دی کہ انہیں نادیہ کی جانب سے شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو میں کوئی نامناسب بات نظر نہیں آئی۔

اپنی طویل ویڈیو میں نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کی جانب سے اپنے خلاف کیس درج کروانے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ رکن سندھ اسمبلی کو اپنی والدہ کی عزت کی پرواہ کیوں نہیں۔ انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ آخر شرمیلا کو میک اپ کے باوجود اپنی والدہ خوبصورت کیوں نظر نہیں آتیں؟ نادیہ خان نے کہا کہ ان کی جانب سے انیسہ فاروقی کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو کو دوبارہ اور غور سے دیکھا جائے اور بتایا جائے کہ انہوں نے کہاں اور کون سے نامناسب الفاظ استعمال کیے؟

اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے تو شرمیلا فاروقی کی والدہ کی عزت کی اور ان کے ساتھ بڑے ادب و پیار کے ساتھ گفتگو کی مگر نہ جانے کیوں رکن سندھ اسمبلی کو یہ بات بری لگی؟ انہوں نے سوال کیا کہ آخر شرمیلا فاروقی کو ایسا کیوں لگتا ہے کہ میں نے ان کی والدہ کی عزت خراب کی یے؟

نادیہ خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شرمیلا فاروقی نے ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا اگر وہ ان سے براہ راست رابطہ کرکے کلپ نکالنے کی بات کرتیں تو وہ نکال دیتیں مگر شرمیلا نے ان سے بات کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر معاملے کو اچھالا۔ نادیہ کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آیا کہ آخر شرمیلا فاروقی اپنی عمر رسیدہ والدہ کے معاملے کو میڈیا میں اتنا کیوں اچھال رہی ہیں جب کہ انہوں نے رکن سندھ اسمبلی کو مسیج کرکے کہا بھی کہ معاملے میں ان کی والدہ کا نام جڑا ہوا ہے، وہ ان کا خیال کرکے میڈیا میں کیس کو نہ اچھالیں۔ نادیہ نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ شرمیلا فاروقی کس طرح کی بیٹی ہیں کہ اپنی عمر رسیدہ والدہ کا معاملہ میڈیا میں اچھال رہی ہیں؟

جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تقرری کا نوٹیفکیشن جاری

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ والدہ کا خیال تھا، جس وجہ سے وہ اس معاملے پر بات نہیں کر رہی تھیں مگر انہیں افسوس ہے کہ انیسہ فاروقی کی بیٹی ہی ان کے معاملے کو میڈیا میں اچھال رہی ہیں۔ نادیہ خان اور ان کے شوہر نے دعویٰ کیا کہ انیسہ فاروقی نے ان کے ساتھ ویڈیو سے قبل بھی بڑے ادب و احترام سے بات کی اور وہ خود چل کر ان کے پاس آئیں جب کہ نادیہ خان نے انہیں احترام دینے کی وجہ سے ہی ان کی ویڈیو بنائی اور ان کے لباس و میک اپ کی تعریفیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرا کوئی کیسے ان کی نیت کا اندازہ لگا سکتا ہے؟ ان کی ویڈیو پر سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ان کی نیت خراب تھی۔

اپنی ویڈیو میں نادیہ خان نے بتایا کہ انہیں ان کی ساس، والد اور والدہ نے بھی کہا کہ انہوں نے انسیہ فاروقی کے ساتھ کوئی نامناسب بات نہیں کی جب کہ ان کے شوہر بھی اس کی گواہی دے رہے ہیں اور ان کے شوہر ایسے ہیں کہ انہیں ذرا سی غلطی پر بھی ڈانٹ دیتے ہیں۔ ویڈیو میں نادیہ خان نے کہا کہ اب جب معاملہ حد سے گزر گیا تو انہوں نے مجبور ہوکر وضاحتی ویڈیو جاری کی ہے۔

نادیہ سے قبل 20 جنوری کو شرمیلا فاروقی نے ٹی وی میزبان کے خلاف ایف آئی اے میں سائبر کرائم کے تحت شکایت درج کروائی تھی۔اس سے قبل 18 جنوری کو نادیہ کی شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ہمراہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو کہ اداکارہ صبور علی کی شادی کے موقع پر بنائی گئی تھی۔

وائرل ویڈیو میں نادیہ نے شرمیلا کی میک اپ سے بھری ہوئی عمر رسیدہ والدہ سے انکے لباس، زیورات اور میک اپ سے متعلق سوال کیے مگر ان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا، جس وجہ سے ان پر خوب تنقید بھی کی گئی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہی شرمیلا نے نادیہ کے خلاف شکایت درج کروائی اور اب نادیہ نے وضاحتی ویڈیو جاری کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی پر شدید تنقید کی ہے۔ دوسری جانب نادیہ خان نے کہا ہے کہ شرمیلا نے میرے خلاف کیس درج کروانے کر اپنا شوق پورا کر لیا ہے تو خوش رہیں، میں اس کیس کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گی۔

Back to top button