مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں : فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا،دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں زیرتربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور ابھرتی ٹیکنالوجیز،ملٹی ڈومین آپریشنز سمیت تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہاکہ اس کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں،افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دینے کےلیے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں اور پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔
دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی،اس دوارن فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن، استحکام اور ریاستی رٹ برقرار رکھنے کےلیے افسران و جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کرتےہوئے ان کی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلیے پُرعزم ہیں، پاکستان کی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جاسکتا، دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر نے کہاکہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی،پائیدار ترقی،عوام دوست حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ساتھ مؤثر سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہتےہوئے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ طویل المدتی ترقی عوامی فلاح پر مبنی حکمتِ عملی اور بہتر طرز حکمرانی کے بغیر ممکن نہیں۔
