آرمی چیف پر قاتلانہ حملے کی افواہ کس نے چھوڑی؟

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہعمران خان کا دوسروں کے ذریعے آرمی چیف جنرل کو قاتلانہ حملے کی دھمکیاں دینے کا منصوبہ بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے.9 مئی کے یوم سیاہ کے لیے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔

تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سازش کس نے کی؟ اس مہم کا ماسٹرا مائنڈ کون ہے؟ وزیر اعظم شہباز شریف کو اس حوالے سے سخت پیغام کیوں دینا پڑا؟ وزیراعظم کے اس بیان میں کس کے لیے کیا پیغام ہے، اور یہ بیان اس وقت اتنا ضروری کیوں ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلائی جا رہی ہے جس سے عوام میں ایک مرتبہ پھر سے پاک فوج کے لیے نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس مہم سے عوام کو فوج کے خلاف ایک مرتبہ پھر سے اکسایا جا رہا تھا، وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے اور سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ یہ مہم اندرون ملک اور بیرون ملک سے چلائی جا رہی ہے، وزیراعظم نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس مہم سے متعلقہ تمام افراد کو گرفتار کرے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایک سیاسی جماعت کے کارکنان پاک فوج کے خلاف اس طرز سے پروپیگنڈا کریں، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم منظم طریقے سے باقاعدہ طور پر عوام کو پاک فوج کے خلاف کر رہی ہے، پی ٹی آئی نے ایسے پروپیگنڈا کو وطیرہ بنا لیا ہے۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے اور یہ بہت ضروری تھا، ایف آئی اے کو پاکستان سے بیٹھ کر پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لینا چاہیے جبکہ بیرون ملک سے اس مہم میں شامل افراد کو بھی سخت سزا کے لیے اقدامات کرنے چاہییں اور نشان عبرت بنانا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی پاک فوج کے خلاف جعلی مہم چلانے کا سوچ بھی نہ سکے۔

دوسری طرف دفاعی تجزیہ کار سید محمد علی نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر افواج پاکستان کے سپہ سالار ہیں، ان کو ہر وقت 24 گھنٹے اور ہر جگہ فول پروف سیکیورٹی دستیاب ہے جو کہ ہر طرح کے خطرات اور خدشات سے دور رکھنے اور مکمل تحفظ کی یقین دہانی کراتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند شرپسند اور ملک دشمن عناصر آرمی چیف کی سیفٹی اور سیکیورٹی پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں تاہم شہباز شریف کے بیان سے ایسے عناصر کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں۔سید محمد علی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان سے ایک بات واضح ہو رہی ہے کہ آرمی چیف کے خلاف سوشل میڈیا پر جعلی پروپیگنڈا کرنے اور فوج اور عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنے والوں سے حکومت آگاہ ہے اور ایسے افراد کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی، جبکہ حکومت نے اس مہم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیان سے یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ آرمی چیف کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی فوری شناخت کی جائے گی جبکہ اس میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت سزا سنائی جائے گی۔

دوسری جانب دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعیم خالد لودھی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی کہیں سے بیٹھ کر پروپیگنڈا کرتا ہے، ہمارا دشمن بیرون ملک سے پاکستان کی افواج اور عوام میں نفرت پیدا کرنے کے لیے پروپیگنڈا کر رہا ہے، آرمی چیف کو دنیا میں سب سے اچھی فوج ’افواج پاکستان‘ کی سیکیورٹی حاصل ہے، آرمی چیف بالکل محفوظ ہیں اور انہیں کوئی سیکیورٹی خدشات نہیں ہیں، وزیراعظم کو ضرورت نہیں تھی کہ وہ اس فضول پروپیگنڈے کا جواب دیتے۔لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعیم خالد لودھی نے کہا کہ پاک فوج ایک ادارہ ہے اور آرمی چیف اس کے سربراہ ہیں، آرمی چیف کی جو سوچ ہے وہی فوج کی سوچ ہے، اس طرح کے جعلی پروپیگنڈے سے پاک فوج کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی مذموم مہم جاری ہے، متعلقہ ادارے فوج کیخلاف مہم روکیں، 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اسکے اداروں کیخلاف ہر سازش کچل دینگے، فوج اور اسکے سربراہ کیخلاف مہم آزادی اظہار نہیں، آرمی چیف کیخلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، مایوس عناصر کو نیا بحران پیدا نہیں کرنے دینگے، دھونس، تشدد اور نفرت کی سیاست کا دور ختم ہوچکا، عوام آرمی چیف، فوج کے پیچھے چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے اتوار کوجاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ آرمی چیف اور فوج کیخلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کیخلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہدا کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کیخلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فوج اور اسکے سربراہ کیخلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے، قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی ۔مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دینگے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کے خلاف گھٹیا، مذموم ،شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، چند عناصر بیرون ملک بیٹھ کر ملک دشمنی اور غداری کر رہے ہیں ۔فتنہ ملک میں لاشیں، افرا تفری اور فساد چاہتا ہے۔سیاسی شدت پسندی کا کوئی واقعہ ہوا تو چیئرمین پی ٹی آئی ذمہ دار ہوگا، ریاست اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کی کسی قیمت پر اجازت نہیں دیں گے۔

Back to top button