آرمی چیف کی آذربائیجان کے صدر، وزیر دفاع سے ملاقات

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آذربائیجان کے سرکاری دورے پر باکو میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور وزیر دفاع سے ملاقات کی، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نائب وزیر، چیف آف جنرل اسٹاف اور آذربائیجان ایئر فورس کے کمانڈر سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاری اور حوصلے کو سراہا، اس موقع پر آذربائیجان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے آذربائیجان کی مسلسل حمایت کو سراہا، آذربائیجان نے دونوں ریاستوں اور افواج میں باہمی تعاون کو نئی سطح تک بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے باکو میں یادگار شہداء پر پھول بھی رکھے، آرمی چیف کے دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون بڑھانا ہے۔

آرمی چیف نے ملاقاتوں میں دفاع اور تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا پاکستان آذربائیجان دوستانہ برادرانہ تعلقات مختلف شعبوں میں کامیابی سے بڑھ رہے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آذربائیجان کے درمیان فروغ پانے والے تعلقات میں فوجی تعاون بھی شامل ہے۔
