کراچی آن لائن نشے کی فروخت کاگڑھ بن گیا،70ڈیلرزکی فہرستیں تیار

ڈرگ کوئین انمول عرف پنکی کے علاوہ کراچی میں آن لائن نشے کا کام کرنے والے 70 منشیات فروشوں کی شہر میں موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔فہرستیں تیارکرلی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے 7 ڈسٹرکٹ میں سوشل میڈیا، موبائل فون اور واٹس ایپ کے ذریعے منشیات کا کاروبار کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے ادارے نے فہرست اور تحقیقات شروع کر دی ہے۔
رپورٹ میں انمول عرف پنکی کا نام بھی شامل ہے اور اس حوالے سے مبینہ طور فہرست مرتب کی گئی ہے جس میں منشیات فروشوں کی تفصیلات موجود ہیں۔
مبینہ فہرست کے ضلع جنوبی کے درخشاں تھانے کی حدود میں انمول عرف پنکی بڑے پیمانے پر آن لائن منشیات کا کاروبار کرتی ہے۔ آن لائن منشیات فروخت کرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
ضلع جنوبی کے صدر تھانے کی حدود میں مبینہ بے بی کے نام آن لائن منشیات کا بڑا نیٹ ورک چلا رہی ہے۔ ضلع کیماڑی کے سائٹ اے تھانے کی حدود میں 2 خواتین آن لائن منشیات کا کاروبار کر رہی ہیں۔ ضلع جنوبی میں آن لائن منشیات فروخت کرنے والے 45 ڈیلر سرگرم ہیں۔
ڈسٹرکٹ سٹی میں 3 منشیات ڈیلر آن لائن دھندا کر رہے ہیں۔ ضلع ملیر میں 2، ضلع غربی میں 5 اور ضلع شرقی میں 4 ڈیلر آن لائن منشیات فروخت کر رہے ہیں۔ ضلع کیماڑی میں 4 جبکہ ضلع وسطی میں 7 منشیات ڈیلر آن لائن منشیات کا کاروبار کر رہے ہیں۔
منشیات ڈیلرز میں دوسرے صوبوں سے تعلق رکھنے والے منشیات فروش بھی شامل ہیں۔ منشیات فروش اسکول، کالج اور یونیورسٹیز میں آئس، کرسٹل اور ویڈ سپلائی کرتے ہیں۔
پولیس حکام کی جانب سے مذکورہ فہرست پر کوئی آفیشل موقف سامنے نہیں آیا ہے۔ کراچی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس شہر قائد میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔
