عطا تارڑ کی عمران خان کے پمز میں معائنے اور واپس اڈیالہ جیل منتقلی کی تصدیق

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے عمران خان کے پمز ہسپتال میں طبی معائنے اور واپس اڈیالہ جیل بھیجے جانے کی تصدیق کردی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ قیدی کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال لےجایا گیا جہاں ماہرِ امراض چشم،ماہرِ امراض قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نےان کا معائنہ کیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی طرف سے جو سکیورٹی کی صورت حال شفا ہسپتال کے راستے میں اور باہر پیدا کی گئی اس کے پیش نظر ان کو پمز ہسپتال لےجایا گیا جہاں الشفا ہسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے عمران خان کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا جب کہ ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔طبی معائنے کے بعد انہیں 21 اگست کی صبح 5 بجے واپس اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھاکہ عمران خان کو پہلے بھی طبی سہولیات فراہم کی جاتی رہی ہیں اور اب بھی جب ان کو ضرورت پڑےگی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے بدھ کے روز دیےگئے فیصلے میں عمران خان کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
