ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کےاغواکی کوشش ناکام،ملزم گرفتار

اسلام آباد پولیس نے ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو ہراساں ، قتل اور اغوا کرنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں حسن زاہد نامی شخص کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی سامعہ حجاب کی شکایت اور ویڈیو بیان موصول ہونے کے بعد کی گئی۔

اس سلسلے میں تھانہ شالیمار میں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں خواتین کی عزت مجروح کرنے کی نیت سے حملہ یا زبردستی، اغوا اور خواتین کو ہراساں کرنے سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

اس حوالے سے سامعہ حجاب نے بتایا تھا کہ ملزم کئی روز سے ان کا پیچھا کررہا تھا اور بار بار تحائف دے کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا رہا۔

سامعہ نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ  ’ملزم نے مجھے شادی کی پیشکش کی تھی، انکار پر وہ ہراساں کرتا رہا اور میرے گھر تک پہنچ گیا، حسن زاہد نے واضح دھمکی دی تھی کہ اگر میں نے شادی سے انکار کیا تو وہ مجھے قتل کر دے گا، اس کے علاوہ گرفتاری سے قبل بھی اس نے مجھے ایف آئی آر واپس لینے کا کہا‘۔

 

Back to top button