بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشتگردوں کا حملہ، 6 جوان شہید، 5 حملہ آور ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 6 جوان شہید جبکہ فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی میں 5 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے بھارتی سرپرستی میں وفاقی کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹر کی بیرونی سیکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم چوکس جوانوں نے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔ اسی دوران دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی دیوار سے ٹکرا دی جس کے باعث دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا اور قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا، جس میں 3 شہری زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوانوں نے پانچوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی اور پاک فوج کے 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز پوری قوم کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ وطن عزیز کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

Back to top button